دن کی روشنی میں ہونے والے قتل کے مجرم چھپ نہیں سکتے ،حکومت جلد از جلد مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار کرے :سینیٹر سراج الحق

دن کی روشنی میں ہونے والے قتل کے مجرم چھپ نہیں سکتے ،حکومت جلد از جلد مولانا ...
دن کی روشنی میں ہونے والے قتل کے مجرم چھپ نہیں سکتے ،حکومت جلد از جلد مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار کرے :سینیٹر سراج الحق

  

نوشہرہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ مولانا سمیع الحق کے دن دہاڑے بہیمانہ قتل نے ثابت کردیاہے کہ ملک میں اب بھی سیکیورٹی کی صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے ،وفاقی دارالحکومت جس کے محفوظ شہر ہونے کے دعوے کیے جاتے ہیں اس میں دن کی روشنی میں ایک جید عالم دین کو شہید کردیا گیا جبکہ ابھی تک قاتلوں کا سراغ نہیں مل سکا،مولانا سمیع الحق نے ہمیشہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی بات کی،دن کی روشنی میں ہونے والے قتل کے مجرم چھپ نہیں سکتے ،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ جلد از جلد قاتلوں کو گرفتار کرے ۔ 

تفصیلات کے مطابق سینیٹر سراج الحق نے نو شہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مولانا سمیع الحق جیسی قد آور شخصیت کا دن دہاڑے قتل حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،اب حکومت کا فرض ہے کہ وہ اس قتل کے پس پردہ محرکات کو جلد از جلد سامنے لائے اور قاتلوں کو گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ مولانا سمیع الحق غلبہ دین کی کوششوں میں ہمیشہ صف او ل میں رہے، ان کی شہادت سے ملک میں نفاذ اسلام کی کوششوں کو شدید دھچکا لگاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مولانا سمیع الحق کے قتل سے ملک و قوم ایک مدبر سیاستدان اور جید عالم دین سے محروم ہوگئے ہیں،مولانا کا قتل گہری سازش کا شاخسانہ ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے مولانا سمیع الحق کے بیٹے حامد الحق اور خاندان کے دیگر افراد سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی سوگوار خاندان اور جمعیت العلمائے اسلام کے کارکنوں کے غم میں برابر کی شریک ہے،انہوں نے مولانا سمیع الحق مرحوم کے درجات کی بلندی اور خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔

مزید : قومی