عمران خان اور ان کی ٹیم نے عوام کو قلیل مدت میں مایوس کیا،لیاقت بلوچ

  عمران خان اور ان کی ٹیم نے عوام کو قلیل مدت میں مایوس کیا،لیاقت بلوچ

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے لاہور میں عوامی وفد اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ اپوزیشن کا احتجاج عروج پر ہے۔ حکومتی حواس با ختگی اور بد کلامی ظاہر کر رہی ہے کہ زمین کھسک رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمرا ن خان اور ان کی ٹیم نے عوام کو قلیل مدت میں مایوس اور قومی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، افراط زر، پیداواری لاگت کے مسلسل اضافہ نے عوام کے دکھ بڑھا دیے اور حکومتی ٹیم کی بد کلامی اور ریاستی طاقت سے للکارنے کے اسلوب نے انتخابی دھاندلی کے زخم بھی تازہ کردیے۔

یہ دعویٰ کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہیں لیکن گڈ گورننس نہ ملی اور اسٹیٹس کو کا شکنجہ مزید سخت ہو گیا۔ فوجی ترجمان کا بیان خوش آئندہے لیکن حکومتی وزراء فوج کے کردار کو جانبدار بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آزادی مارچ کے اپنے مقاصد ہیں لیکن حکومت کو ابھی مسئلہ کشمیر پر بے حسی، بزدلی اور پسپائی پر بھی عوامی ردعمل اور اسلام آباد کی طرف یلغار کا سامنا کرنا ہوگا۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار عوام کے لیے ناقابل برادشت ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1