پاکستان کسی قسم کے سیاسی عدم استحکا م کا متحمل نہیں ہو سکتا،جاوید قصوری

پاکستان کسی قسم کے سیاسی عدم استحکا م کا متحمل نہیں ہو سکتا،جاوید قصوری

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب وصدر ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کے سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ تمام ادارے ایک دوسرے کا احترام کریں۔ کچھ قوتیں ملک میں انتشار اور افراتفری کی فضاء پیدا کرکے دشمن قوتوں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے ایجنڈے پر عمل در آمد کررہی ہیں۔ ہم سب کو ایسی ملک دشمن طاقتوں کو روکنا ہوگا۔ سیاستدانوں کے غیر دانشمندانہ فیصلوں سے غیر جمہوری قوتیں فائدہ اٹھانا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکمرانوں نے عوام سے کیے وعدو ں سے یوٹرن نہ لیا ہوتا اور اپنی کارکردگی سے ثابت کردیا ہوتا کہ وہ 22کروڑ عوام کے خیر خواہ ہیں۔

، مہنگائی میں ہو شر با اضافے کی بجائے خاطر خواہ کمی کردی ہوتی تو آج یوں اپوزیشن حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر نہ ہوتی اور لوگ اتنی بڑی تعداد میں اپوزیشن کے احتجاج میں شریک نہ ہوتے۔ جماعت اسلامی ملک میں استحکام چاہتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت وقت ہٹ دھرمی چھوڑ کر عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرے۔ انھوں نے کہا کہ ہر شخص کو احتجاج کرنے کا آئینی وقانونی حق حاصل ہے۔ مگر بدقسمتی سے کچھ حکومتی وزراء اپنے بیانات سے جلتی پر تیل چھڑکنے کا کام کررہے ہیں۔ وہ نہیں چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوری روایات اور اقدار پنپ سکیں۔ پاکستان اس وقت تاریخ کے نازک ترین موڑ سے گزر رہا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔ 

مزید : میٹروپولیٹن 1