فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے لبرٹی کے قریب مصنوعی جنگل بنانے کا فیصلہ

فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے لبرٹی کے قریب مصنوعی جنگل بنانے کا فیصلہ

  



  لاہور (جنرل رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے کہا ہے کہ باغوں کے شہر لاہور کو پھر سے پھولوں‘ درختوں‘سبزے اور ہریالی سے سجانے کی ضرورت ہے۔ہر شہر ی کو اپنے حصے کا درخت لگا کر صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔لاہور میں فضائی آلودگی میں کمی کے لئے لبرٹی مارکیٹ گلبرگ کی یو(U)شیپ گراؤنڈ میں 21ہزار مربع فٹ پر میاواکی جنگل لگایا جائے گا۔اس مقصد کے لئے    لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور فارسٹری کے نجی ادارے ری سٹورکے مابین ایم او یو (MOU)پر دستخط کئے گئے۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم اور نجی ادارے کے چیف ایگزیکٹو بلال احمد چوہدری نے ایم او یوپر دستخط کئے۔جنگل لگانے کا کام چار ہفتے میں مکمل کیا جائے گا اور یہاں مقامی اقسام کے 5ہزار 600درخت لگائے جائیں گے۔ یہ جنگل شہر کے ماحول سے کاربن جذب کرے گا اور آکسیجن مہیا کرے گا جس کے نتیجے میں فضائی آلودگی میں کمی اور ہوا کا معیار بہتر ہو گا۔میاواکی‘جنگل میں پیدل چلنے والوں کے لئے گزر گاہیں بھی بنائی جائیں گی۔میاواکی‘جنگل اگانے کی جاپانی تکنیک ہے۔ اس تکنیک سے لگایا جانے والا جنگل 10گنا تیز ی سے نشوو نماپاتا ہے۔ اس منصوبے کے لئے ایل ڈی اے کے وسائل استعمال نہیں کئے جائیں گے۔نجی ادارہ اپنے اخراجات سے یہ منصوبہ مکمل کرے گا۔نجی اداہ کوئی معاوضہ یا سہولت بھی حاصل نہیں کرے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1