استعفے کا مطالبہ کرنے والے ہمیشہ نامراد رہیں گے،ہمایو ں اختر

استعفے کا مطالبہ کرنے والے ہمیشہ نامراد رہیں گے،ہمایو ں اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹوانتشار مارچ والوں سے سیاسی ”تقویت“لینے ان کے اسٹیج پر پہنچے ہیں لیکن وقت بتائے گا یہ کیسے ری ایکشن کرتی ہے،(ن) لیگ او رپیپلزپارٹی کی سیاست اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ آج مولانا فضل الرحمان ان کی قیادت کر رہے ہیں اور شہباز شریف اور بلاول بھٹو ان کا ”پلو“ پکڑے ہوئے ہیں،وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ اور ترقی کے پہیے کو روکنے کیلئے باہر نکلنے والے ناکام اورنا مرادرہیں گے ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ پوری قوم نے ”کرپشن کا گلدستہ“دیکھ لیا ہے جو بری طرح مرجھایا ہوا ہے۔

، آج قوم سوال کرتی ہے کہ جے یو آئی (ف)، پیپلز پارٹی یا (ن) لیگ دھاندلی کی شکایات لے کر کس فورم پر گئے اور ان کی بات نہیں سنی گئی۔معیشت کی بد حالی کا رونارونا الٹا چور کوتوا ل کو ڈھانٹے کے مصداق ہے۔ عالمی اداروں کی رپورٹس انہیں کیوں نظر نہیں آتیں جس میں برملاکہا جارہا ہے کہ سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں نے ملک کی بنیادیں تک ہلا دیں او رموجودہ حکومت اپنی سیاست بچانے کی بجائے معیشت کی ترقی کیلئے غیر معمولی فیصلے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج نے نہ صرف دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کیں بلکہ ملک کی سلامتی کیلئے عالمی سازشوں کوناکام بنایا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی مخالف قوتیں اس کے لئے بر سر پیکار ہیں، پوری قو م اپنی فوج کے شانہ بشانہ ہے