گھر سے بھاگا ہوا کراچی سے تعلق رکھنے والا بچہ والدین کے حوالے 

گھر سے بھاگا ہوا کراچی سے تعلق رکھنے والا بچہ والدین کے حوالے 

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش کی ہدایت پر ٹاؤن پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے باپ کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر ایک ماہ قبل گھر سے بھاگے ہوئے کراچی سے تعلق رکھنے والے بچے کو والدین کے حوالے کردیا، دوسری کاروائی میں سنیپ چیکنگ کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس سے 3کلو سے زائد چرس برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش کی ہدایت پر گزشتہ روز تھانہ ٹاؤن پولیس نے سنیپ چیکنگ کے دوران ٹانک روڈ بڈھ کے رہائشی بدنام زمانہ منشیات سمگلر الطاف ولد فلکشیر قوم تھلہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 3کلو اور120گرام چرس برآمد کرکے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ایک اور کاروائی کے دوران ٹاؤن پولیس نے گزشتہ روز تھانے میں لائے گئے ایک لاورث بچہ جو اپنا نام تنویر ولد کا نام شفیع محمدبتاتا تھا، بچے کے مطابق جنجال پور کراچی میں سبزی منڈی کے قریب اس کا گھرہے اور والد شٹرنگ کا کام کرتے ہے، لڑکے کا ایس ایچ او صابر خان بلوچ کو کہنا تھا کہ وہ اپنے باپ کی ڈانٹ ڈپٹ اور مار پیٹ کے ڈر سے 1ماہ قبل گھر سے بھاگ کر ٹرک کے ذریعے یہاں تک پہنچا تھا، ایس ایچ او تھانہ ڈیرہ ٹاؤن صابر بلوچ نے کمسن بچے تنویر کے والد سے رابطہ کرکے اسے ڈیرہ بلوایا اور ضروری کاروائی کر کے بچہ ورثا کے حوالے کر دیا جبکہ انسانی ہمدردی کے تحت دو ہزار روپے بھی اپنی جیب سے دئیے۔ اس موقع پر لڑکے کے والد نے ڈیرہ پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش اور ایس ایچ او صابر بلوچ سمیت خیبر پختونخوا پولیس کا بے حد مشکور ہوں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر