حکومت ملک کے عظیم ترمفاد میں مستعفی ہو،سردارحسین بابک

 حکومت ملک کے عظیم ترمفاد میں مستعفی ہو،سردارحسین بابک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی  رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ عوام تنگ آچکے ہیں، تبدیلی سرکار بری طرح ناکام ہوچکی ہے آئے روز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے لوگوں کو ذہنی مریض بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں بار بار اضافے نے عوام کے اوسان خطا کردیے ہیں،مہنگائی کے طوفان نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے، بے روزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا، جرائم میں بے تحاشہ اضافہ افسوسناک ہے۔ سردارحسین بابک کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو ملک و قوم کے عظیم تر مفاد میں مستعفی ہونا چاہیے، نئے شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ مشکلات اور تکالیف سے گزر رہے ہیں، ہر طرف مایوسی پھیلی ہوئی ہے اور دن بدن عوام کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی جمہوریت کی بحالی تک مسائل میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ انتخابات کے عمل کو آزادانہ اور غیرجانبدارانہ بنائے بغیر جمہوریت کو لاحق خطرات ختم نہیں ہوں گے۔سردارحسین بابک نے مزید کہا کہ ملک کے وسیع ترمفاد میں جبر، پابندیوں، لاٹھی گولی کی سرکار کی روش ترک کرنی ہوگی۔تمام شعبوں کو آئین پاکستان میں درج اپنے اختیارات کے مطابق ذمہ داریاں سرانجام دینے سے مسائل میں کمی واقع ہوسکتی ہے