حکومت سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد کرے‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

حکومت سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد کرے‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر نے حکومت کو برآمدات کے فروغ کیلئے سنگل کنٹری نمائشوں کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور عالمی حالات کو پیش نظر رکھ کر تجارتی پالیسی تشکیل دے کر اہداف مقرر کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے سرکلز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف،ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین شیخ عامر خالد،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک،سینئر ممبر ریاض احمد،سعید خان، محمد، اکبرملک، میجر (ر)اختر نذیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں مختلف ممالک میں منعقدہ بین الاقوامی نمائشوں کے شیڈول پر غور کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ نمائشوں میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے سبسڈی میں اضافہ کیا جائے۔۔چیئرمین ایسوسی ایشن اسلم طاہر نے کہا کہ پاکستان کو مختلف ممالک کی مارکیٹوں تک رسائی کیلئے عالمی نمائشوں میں شرکت کرنی چاہیے اوراگر حکومت اس پر عمل پیرا ہو جائے تو پاکستانی مصنوعات کو بیحد پذیرائی مل سکتی ہے۔ ہاتھ سے بنے قالینوں کے برآمد کنندگان کو انتہائی چیلنجز کا سامنا ہے جس کیلئے انہیں فوری طور پر سہولیات اور مراعات دی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں نہ صرف تجارتی پالیسی تشکیل دی جائے بلکہ ہر سیکٹر کیلئے اہداف مقرر کئے جائیں تاکہ ہماری معیشت کو سہارا مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں لاہور میں منعقد ہ کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مندوبین خریداروں سے رابطے جاری ہیں انہیں مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

مزید : کامرس