وفاقی چیمبرمیں مصنوعی قیادت مسلط کرنے کی سازش ہورہی ہے، عبدالرحمان

وفاقی چیمبرمیں مصنوعی قیادت مسلط کرنے کی سازش ہورہی ہے، عبدالرحمان

  



اسلام آباد (اے پی پی)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے مرکزی رہنما مرزا عبدالرحمان نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی میں ایک بار پھر مصنوعی قیادت مسلط کرنے کی سازش کی جا رہی ہے جس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ وفاقی چیمبر میں کسی قیمت پر الیکشن کے بجائے سلیکشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مرزا عبدالرحمان نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ایف پی سی سی آئی پر قابض مافیا نے آمدہ الیکشن ہائی جیک کرنے کے لئے سازشوں کا بازار گرم کر رکھا ہے اور اسی سلسلہ میں ایف پی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل نے قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بزنس مین پینل کی جانب سے دائر کئے گئے اعتراضات سنے بغیر مسترد کر دئیے جس نے آمدہ الیکشن کی شفافیت پر سوال کھڑے کر دیئے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل حل کرنے والے ادارے کی بجائے کاروباری ادارہ بن چکا ہے جس پرمفاد پرست افراد قابض ہیں۔ تاجروں اور حکومت کے مابین حالیہ محاذ آرائی میں بھی ایف پی سی سی آئی نے انتہائی منفی کردار ادا کیا جس سے اسکی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو گئی اور تاجروں نے انکی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے معاملات خود حل کرنے کے لئے کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی نے ہمیشہ کاروباری برادری کو دھوکہ دیا ہے مگر اب ووٹر انہیں پہچان چکے ہیں اور دوباری انکے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔

مزید : کامرس