یونٹی پیس فورم نے پٹرول کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کردیا

یونٹی پیس فورم نے پٹرول کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کردیا

  



کراچی(این این آئی)یونٹی پیس فورم کے مرکزی صد ر ظفر مقصود نے پٹرول کے نرخوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافہ کے نوٹیفکیشن کو واپس لے، پہلے ہی عوام کا مہنگائی سے برا حال ہے، پٹرول کی قیمت میں اضافہ سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگا اور ملکی معاشی صورتحال اور مارکیٹوں میں کاروبار نہ ہونے کیوجہ سے عوام کی جو کنڈیشن ہے اس کے مطابق عوام اب مزید مہنگائی کا بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں رکھتی، ہوشربا مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال کر رکھ دی ہیں، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے یونٹی پیس فورم کے دفتر میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے نو منتخب رکن رضوان کاکوی، مرکزی نائب صدر یونس میمن،یو پی ایف کراچی کے صدر حسیب احمد، مرکزی رہنماء علامہ سید محسن کاظمی و دیگر سے ملاقات کے دوران کیا، ظفر مقصود کا کہناتھا کہ معاشی ابتری، ڈالر کی اونچی اڑان، تیل، گیس، پٹرول سمیت تمام اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، کاروبار ٹھپ اور بڑہتی ہوئی بیروزگاری سے عوام جیتے جی مر گئی ہے، ادویا ت کی قیمتوں میں تین سو فیصد اضافہ ہوا ہے لیکن ان سب کے باجود وزیر اعظم عمران خان کی نیت پر شک نہیں کیا جاسکتا بدقسمتی سے ان کو اچھی ٹیم نہیں ملی، عمران خان پاکستان کی عوام کے حالات کو بہتر کرنے کا عزم رکھتے ہیں لیکن نہ تجربہ کار وزیروں اور مشیروں کی نا اہلی کیوجہ سے وہ قوم کو کچھ دے نہیں پا رہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت مہنگائی کی لہر سے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا انسان پریشان ہے، موجودہ حالات کے پیش نظر ایسی جامع اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے جس سے مہنگائی کے سمندر پر مستقل بنیادوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ عوام کو روزگار کی سہولیات بھی میسر ہو سکیں تاکہ غریب لوگ مستقل بنیادوں پر اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔

، انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کے نوجوان اس ملک کا اثاثہ ہوتے ہیں اور ملکی ترقی میں ان کا اہم کردار ہوتا ہے اگر ماضی میں جائیں تو قیام پاکستان میں نوجوانوں کا اہم کردار تھا اور آج بھی پورے ملک کو اپنے پاکستان کی بہتر ی اور ترقی کے لیئے آگے پڑے گا، اس وقت ہمیں دیانتدار اور کرپشن سے پاک لوگوں کو آگے لانے کی ضرورت ہے اور ملک میں حقیقی تبدیلی قرآن و سنت کے قانون کو نافذ کرنے کے بعد ہی آئے گی، انہوں نے مزید کہا کہ یونٹی پیس فورم کراچی سمیت پورے ملک کی عوام کی آواز بنے گی اور عوام کے مسائل کو ہر سطح پر اٹھائیگی، یونٹی پیس فورم کا ایک صاف ستھرے معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور معاشرتی مسائل کو ایوانوں میں بیٹھے ہوئے لوگوں تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔  

مزید : کامرس