الیکشن ہارنیوالا کس منہ سے استعفیٰ مانگ رہا ہے،مولانا اداروں کو سیاست میں نہ گھسیٹیں:وفاقی وزراء

الیکشن ہارنیوالا کس منہ سے استعفیٰ مانگ رہا ہے،مولانا اداروں کو سیاست میں ...

  



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مولانافضل الرحمن کے وزیراعظم سے استعفے کے مطالبے پروفاقی وزرا ء بھی دفاع کیلئے میدان میں آگئے، ان کا کہنا ہے کہ الیکشن ہارنے والا شخص کس منہ سے وزیراعظم کا استعفیٰ مانگ رہا ہے۔ مولانا اپنے عزائم کیلئے اداروں کو سیاست میں نہ گھسیٹیں۔فوادچودھری کہتے ہیں حلوہ مارچ سے پشاور موڑ کے گردو نواح میں تعفن پھیل گیا، حکومت کوکمزورسمجھنے کی غلطی نہ کی جائے، 5پیاروں اور ان کے چمچوں پرزمین تنگ کردیں گے۔وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ الیکشن ہارنے والا شخص کس منہ سے وزیراعظم کا استعفیٰ مانگ رہا ہے، مولانا تیار ہوں میں اپنی جیتی نشست چھوڑنے پر تیار ہوں، علی امین نے مولانا کو انتخابی میدان میں اترنے کا چیلنج دیدیا۔اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے کل کا انتظار کیوں کررہے ہیں؟ آج ہی استعفے دیں اور میدان میں آئیں۔انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں بات کرنے والے ہیں ہم نے جواباً دھمکیاں نہیں دینی، مولانا فضل الرحمن  کے بیان پر ہم عدالت جارہے ہیں، وزیراعظم کہ چکے ہیں کہ معاہدے کے مطابق یہ اپنا احتجاج کا حق استعمال کریں۔وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپوزیشن دھرنے پر بیان میں کہاہے کہ ابو بچاؤ، اقامہ چھپاؤ، کمیٹی دلاؤ اور کرپشن بچاؤ والے سارے یکجا ہیں۔ایک بیان میں مراد سعیدنے کہاکہ یہ سب وہ ہیں جن کا نعرہ تھا کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نہ کھاتا ہے نہ کھانے دیتا ہے جو ان کا مسئلہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ جو یہ کھا چکے عمران خان وہ بھی ان سے نکلوا کر عوام پر لگانا چاہتا ہے۔

وفاقی وزراء 

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ماضی میں ملک پر حکمرانی کرنے والے کرپٹ سیاست دان اب اپنی اولادوں کو حکمران بنانے کیلئے کنٹینر پر جمع ہوگئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کنٹینر پر وہ پانچ خاندان ہیں جو ہمیشہ سے اس ملک پر حکمرانی کرتے رہے، یہ لوگ حکمرانی اپنی اولادوں تک پہنچانے کیلئے ریاست پر حملہ آور ہیں۔

فردوس عاشق اعوان

مزید : صفحہ اول