منتخب وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی،تبدیلی مخالف عناصر کا منفی ایجنڈا ناکام ہوگا:عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ منتخب وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے جبکہ کوئی ذی شعور ایسے غیر منطقی مطالبے کی حمایت نہیں کر سکتا،مارچ والے صرف مارچ کرتے ہی رہ جائیں گے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مسترد شدہ عناصر اپنی ناکامیوں کا بدلہ ترقی روک کر عوام سے لینے کے درپے ہیں۔تبدیلی سے خائف عناصر کا منفی ایجنڈا ناکام رہے گا اور نان ایشوز پر سیاست کرنے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ ملک و قوم کا وقت ضائع کرنے والوں کو اپنے دور میں لوٹے گئے قومی وسائل کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار شفاف ترین حکومت عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ بنا رہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی منزل ضرور حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ باشعور عوام نے انتشار کی سیاست سے لاتعلق رہ کر حب الوطنی کا مظاہرہ کیا ہے۔ جمہوری نظام میں سیاسی معاملات کے حل کیلئے بہترین فورم پارلیمنٹ ہے، سڑکیں نہیں۔ اپوزیشن کو سیاسی بالغ نظری کامظاہرہ کرنا چاہیے۔ملک میں عدم استحکام کی کوشش کرنیوالوں کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سیاسی خلفشارنہیں چاہتے بلکہ ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں۔انتشار کی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ الزامات اور دروغ گوئی کی منفی سیاست عوام مسترد کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی انتھک محنت سے ملک درست سمت کی طرف گامزن ہوا ہے تو انہیں مارچ یاد آگیا ہے۔اپوزیشن کے غیر جمہوری طرز عمل سے پاکستان کے بارے میں دنیا کو غلط پیغام جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بہاولپور اور مظفرگڑھ کے علاقوں میں فصلوں کو ٹڈی دل کے حملے اورشتکاروں کو نقصان سے بچانے کیلئے محکمہ زراعت،انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے فوری طور پر سپرے کیا جائے۔ محکمہ زراعت اور انتظامیہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے فضائی سپرے پر خصوصی فوکس کیا جائے اور ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے فصلوں کو ٹڈی دل سے بچانے کیلئے سائنٹیفک انداز سے موثر مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں اوراداروں کو ہمہ وقت چوکس رہنا ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ میں 7 روز میں نو مولود بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دینے اور جامع تحقیقات کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچو ں کے جاں بحق ہونے کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ جاں بحق بچوں کے علاج معالجے میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنرسمیت وفاقی و صوبائی وزراء، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے کزن نواب عاشق حسین قریشی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے نواب عاشق حسین قریشی کی نماز جنازہ پولو گراؤنڈ ریس کورس پارک میں پڑھائی۔
سردارعثمان بزدار