نوجوان دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کریں، صدر علوی

نوجوان دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کریں، صدر علوی

  



لاہور ( نمائندہ خصوصی،آئی این پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان دنیا میں پاکستان کے سفیر ہیں اور انہیں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جبکہ دنیا میں امن کے قیام کیلئے بھی نوجوانوں کا کردار اہم ہے، منفی سر گرمیوں کو ترک کرکے امن، موسیقی، کاروبا اور ثقافت کو ترجیح بنانے کی ضرورت ہے۔ ہفتہ کو لاہور میں انٹرنیشنل سٹوڈنٹ ویب میں پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انسانی شخصیت مختلف جوابات کا مجموعہ ہے اور انفرادی شخصیت کی طرح قوموں کا اجتماعی شعور بھی ہوتا ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ جس معاشرے میں ذہنی دباؤ، گھٹن اور نفرت ہو گی اس کا اظہار قومی سطح پر بھی ہو گا جو افراد امن پر یقین رکھتے ہیں ان کی اجتماعی سوچ بھی امن کی داعی ہو گی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ معاشرے میں مساوات کو فروغ دے کر ذہنی دباؤ اور گھٹن کو کم کیا جا سکتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ معاشرے کی خرابیوں کی بجائے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور نوجوانوں کو منفی سر گرمیوں کی بجائے موسیقی، ادب اور ثقافت سے اپنی پہچان بنانا ہو گی۔دریں اثناء گور نر پنجاب اور وزیر اعلی نے ہفتہ کے روز گور نر ہاؤس لاہور میں صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی اور انکو پنجاب میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں اور دیگراقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ اس موقعہ پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت کا مشن ملک وقوم کی خدمت اور ملک کو معاشی سمیت دیگر بحران سے نجات دلانا ہے جسکے لیے ہم بھر پور کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور خطے کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے پاکستان میں استحکام اور یکجہتی بہت ضروری ہے اور جو لوگ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نا چاہتے ہیں وہ اصل میں ملکی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں جن کو عوام کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

صدر علوی

مزید : صفحہ اول