انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ آج شروع ہوگا

انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ آج شروع ...

  



اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے زیر اہتمام انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریزکی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ  (آج) اتوار سے شروع ہوگا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے بتایا کہ اوکاڑہ میں شیڈول تربیتی کیمپ میں منتخب شدہ 15کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

 جن میں ریاست خان، ساجد نواز، محمد شاہ زیب، فخر عباس، صفی اللہ، نثار علی، بدر منیر، معین اسلم،شاہ زیب حیدر، انیس جاوید، ہارون خان، محمد اکرم، محمد راشد، محسن خان اور ثناء اللہ خان مروت شامل ہیں، انہیں محمد جمیل ہیڈ کوچ، ابرار شاہ اسسٹنٹ کوچ اور مسعود جان بطور ٹرینر جدید معیار کی تربیت دیں گے۔قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 9 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد 20 رکنی قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے ساتھ ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے 10 نومبر کو دبئی روانہ ہوگی۔ دونوں ممالک کے مابین 6 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز آئندہ ماہ دبئی میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین پہلا ٹی 20 میچ  12 نومبر، دوسرا 13 نومبر، تیسرا 14 نومبر، چوتھا 16 نومبر، پانچواں میچ 17 نومبر جبکہ چھٹا اور آخری میچ 18 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کونسل نے سیریز کیلئے پانچ آفیشلز کا اعلان کیا ہے جن میں مقصود الحسن ٹیم منیجر، صالح محمد بلوچ اسسٹنٹ ٹیم منیجر، محمد جمیل ہیڈ کوچ، ابرار شاہ اسسٹنٹ کوچ اور مسعود جان ٹرینر شامل ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی