فضل الرحمن نے معاہد ے کی خلاف ورزی کی تو کارروائی ہوگی،سیف نیازی

فضل الرحمن نے معاہد ے کی خلاف ورزی کی تو کارروائی ہوگی،سیف نیازی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے معاہدے کی پا بندی کرتے ہوئے چار سال تک دھرنا دینا ہے تو دیں۔معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں انکے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار چیف آرگنائیزر سیف اللہ نیازی نے اپنے دورہ کراچی میں انصاف ہاوس میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اشرف قریشی، سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ،سینئر رہنما خرم شیر زمان، جمال صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔سیف اللہ خان نیازی نے مزید کہا کہ دورہ سندھ کا مقصد پی ٹی آئی کی تنظیم سازی کرنا ہے۔ تنظیم سازی کے حوالے سے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اوررہنماوں سے ملاقات کرینگے۔پارٹی میں رہنماوں کے درمیان اختلافات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جہاں اتنے لوگ موجود ہوں وہاں اختلاف رائے ہوجاتا ہے، لیکن پارٹی میں دھڑے بندی کو بالکل بھی برداشت نہیں کرینگے۔ کراچی آمد کا مقصد ایک ایسے نظام کی تشکیل ہے جہاں تمام فیصلے مشاورت سے ہوں تاکہ گروپ بندی نہ ہوسکے۔کل تک تنظیم سازی کے حوالے سے تمام امورطے کرلینگے اور آئندہ ہفتے تک تنظیم کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ سیف اللہ نیازی نے مزیدکہا کہ احتجاج مولانا کا جمہوری حق ہے،پی ٹی آئی نے دھرنے سے قبل انتخابی حلقے کھولنے کا مطالبہ رکھا تھا اورآخری حل کے طورپر دھرنا دیا تھا۔پی ٹی آئی کا دھرنے سے قبل حکومت سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا۔ہم نے ڈی چوک کا کہا تھا اور ہم گئے تھے،اگر مولانا نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو انکے خلاف کاروائی ہوگی۔ ٹرین حادثے کے بارے میں کہا کہ اسکے حادثے کی انکوائری چل رہی ہے۔ انکوائری کے بعد باقاعدہ ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔بعد ازاں مرکزی ڈپٹی سیکریرٹری جنرل اشرف قریشی نے کہا کہ سیف اللہ نیازی کے دورہ کراچی پر انکے مشکور ہیں۔سندھ میں تنظیم کو گراس روٹ تک مضبوط کرنے کے لئے حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔دورہ کراچی میں سیف اللہ نیازی کو گورنر ہاوس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس میںپارٹی کے سینئر و سابق عہدیداران اور لیبر، یوتھ، وومن اور منارٹی ونگ کے کارکنان سے ملاقاتیں کیںاورکارکنان کو درپیش مشکلات، شکایات اور انکی تجاویز سنی۔