رینجرز کے شہدا کے قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: گورنر سندھ 

    رینجرز کے شہدا کے قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: گورنر سندھ 

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ نے رینجرز کی 27 ویں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔جن عناصر کی وجہ سے کراچی کا امن تباہ ہوا، امید کرتاہوں انہیں پنپنے کا اب موقع نہیں ملے گا۔ہفتہ کو پاکستان رینجرز ٹریننگ اسکول میں 27 ویں پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ پاسنگ آوٹ میں 966 اہلکار پاس آوٹ ہوئے۔ تقریب میں مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاسنگ آٹ پریڈ سے خطاب کرنا اعزاز کی بات ہے۔ جوان یاد رکھیں کہ ایک قابل فخر ادارے کا حصہ بن رہے ہیں۔ آج کا دن جوانوں کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ امید ہے یہ جوان قوم کے معیار پر پورا اتریں گے۔گورنر سندھ نے پاسنگ آٹ ہونے والے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تمام اہلکاروں کے لیے اہم دن ہے۔ آج آپ لوگ ایک انتہائی اہم ادارہ کا حصہ بن چکے ہیں۔پاکستان رینجرز کی خدمات پورے پاکستان کے لیے ہیں۔ سندھ رینجرز کی کارکردگی صوبے میں امن کے طور پر نظر آرہی ہے۔ چھ سال میں رینجرز نے کراچی میں کئی آپریشن کیے، اسلحہ پکڑا اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا۔ رینجرز کی کوشش کے باعث کراچی میں کئی اہم ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔ آئیڈیاز نمائش اور کرکٹ میچز جس کا ثبوت ہیں۔ سندھ رینجرز کی کوششوں اور محنت کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ شہر میں امن کی بحالی کے چھ برس میں رینجرز نے اہم کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔19 سے زائد آپریشن کرکے14 ہزار سے زائد گینگسٹر کو رینجرز نے پکڑا۔ رینجرز نے ہی کراچی کو معاشی وتجارتی استحکام بخشنے میں کردار ادا کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر