پنجاب میں ’پٹواری‘کے عہدے کا نام تبدیل کرنیکا فیصلہ،نیا نام کیا ہو گا ؟جانئے

پنجاب میں ’پٹواری‘کے عہدے کا نام تبدیل کرنیکا فیصلہ،نیا نام کیا ہو گا ...
پنجاب میں ’پٹواری‘کے عہدے کا نام تبدیل کرنیکا فیصلہ،نیا نام کیا ہو گا ؟جانئے

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں محکمہ مال کی کارکردگی اورپنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سے متعلقہ امور کا جائزہ لیاگیا،اجلاس میں پنجاب میں پٹواری کے عہدے کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پٹواری کے عہدے کا نام تبدیل کرنےکےفیصلے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پٹواری کو ویلج آفیسر کے عہدے کا نام دیا جائے گا،ویلج آفیسرکو 14واں سکیل ملے گا،بھرتی پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوگی اوربھرتی کے بعد6 ماہ کی تربیت لازم ہوگی۔وزیراعلیٰ نے ویلج آفیسرز کیلئے لیپ ٹاپ دینے کے فیصلے کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں حاضر سروس پٹواریوں کو 11واں سکیل اورگردآورکو 14واں سکیل دینے کی تجویزپر غور کیاگیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے سٹاف کی ترقی کیلئے سروس سٹرکچر بنایا جائے گا۔اجلاس میں لاہور کی ایک تحصیل کو ریونیوکے حوالے سے ماڈل تحصیل بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کمشنر لاہور ڈویژن ایک ماڈل تحصیل بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے کے دوردراز علاقوں میں  115 اراضی سینٹرزکے قیام کو دسمبر تک مکمل کیا جائے،حکومت ریونیوکے معاملات میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کررہی ہے۔لینڈ ریکارڈ سینٹرز پرادائیگی کیلئے بینک کا کاؤنٹربنایا جائے۔بینک کاؤنٹر کے قیام سے شہریوں کو لینڈ ریکارڈ سینٹر کے بار بار چکر لگانے کی زحمت سے چھٹکارا ملے گا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اراضی کی دستاویزات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے،شہریوں سے رشوت لینے والے افسروں اوراہلکاروں کی جگہ جیل ہے،میں کسی صورت شہریوں سےپیسےلینےکےحوالے سےشکایت برداشت نہیں کروں گا۔اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرلینڈریکارڈ کوتحصیلداراورلینڈ ریکارڈ آفیسر کونائب تحصیلدار کے عہدوں میں بدلنے کی تجویزپر غورکیاگیا۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال،ملک محمد انور،چیف سیکرٹری،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور