’ تین دن ہو گئے پیکنگ تو ہو گئی ہو گی‘ عمران خان سے کس نے یہ سوال پوچھ لیا؟
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب تین لفظ صرف استعفیٰ، استعفیٰ، استعفیٰ ہیں ، تین دن ہو گئے پیکنگ تو ہو گئی ہو گی، کرائے کے ترجمانوں کے درمیان خوف و ہراس ، بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ ان کے گھر جانے کا وقت بتارہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ن کی ترجمان نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ وزیراعظم یونیورسٹی خالی کرنے کا وقت ہوا چاہتا ہے ، عمران صاحب تین لفظ صرف استعفیٰ، استعفیٰ، استعفیٰ ہیں ، آپ اپوزیشن سے این آر او چاہتے ہیں جو نہیں ملے گا، اب صرف گھر جانا پڑے گا، ٹی وی لگائیں استعفیٰ دینے اور گھر جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے ، عمران صاحب تین دن ہو گئے پیکنگ تو ہو گئی ہو گی۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران صاحب حکومت چلانا ، عوام کی خدمت کرنا ، 11000 میگاواٹ بجلی بنانا کھلنڈروں کے بس کی بات نہیں ، 12000 کلو میٹر سڑکیں بنانا ، دہشت گردی اوربجلی کے اندھیروں میں گھرے ملک کو روشن اورپرامن بنانا نااہلوں اور نالائقوں کے بس کی بات نہیں ، میٹرو بس، اورنج ٹرین بنانا ، مریضوں کا علاج اور مفت دوائیاں فراہم کرنا جھوٹوں کے بس کی بات نہیں ہے، ایک سال میں آپ کی نالائقی اور نااہلی نے ملک کی معیشت ، روزگار ، کاروبار اور صنعت تباہ کر دی ۔
ترجمان مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ عمران صاحب استعفیٰ دیں تاکہ ملک کا کاروبار ، صنعت اور معیشت چلے، اب ملک کا کاروبار ، صنعت اور معیشت آپ کے استعفیٰ کے ساتھ مشروط ہے ، کرائے کے ترجمانوں کے درمیان خوف و ہراس ، بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ ان کے گھر جانے کا وقت بتارہی ہے۔