مارچ کے شرکاءسے بچوں کے جھولے بھی محفوظ نہ رہے، وہ چڑیا گھر میں جانوروں کو پہچاننے کی کوشش کر رہے تھے: فردوس عاشق اعوان

مارچ کے شرکاءسے بچوں کے جھولے بھی محفوظ نہ رہے، وہ چڑیا گھر میں جانوروں کو ...
مارچ کے شرکاءسے بچوں کے جھولے بھی محفوظ نہ رہے، وہ چڑیا گھر میں جانوروں کو پہچاننے کی کوشش کر رہے تھے: فردوس عاشق اعوان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت نے اسلام آباد آنے والوں کو جمہوری حق کے تحت راستہ فراہم کیا، دھرنے کے شرکاءکا کوئی واضح ایجنڈا نہیں ہے، مولانا فضل الرحمان کی سٹیج پر اداکاری پوری قوم نے دیکھی، انہوں نے قوم کو گمراہ کرنے کیلئے مذہب کارڈ کا استعمال کیا ، مولانا کے کنٹینر پر بلاول کی موجودگی اور تقریر سے بینظیر بھٹو کی روح کو تکلیف پہنچی ہے۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وہ تمام مذہبی رہنما جنہوں نے مذہب کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے، وہ اسلام آباد آئے تو ہم نے ان کو راستہ دیا۔ پہلی دفعہ ایک ایسی حکومت جس کے خلاف کوئی دھرنا دینے آرہا تھا ، اس نے تمام جمہوری روایات کو بروئے کار لاتے ہوئے اظہار رائے کی آزادی دی۔
انہوں نے دھرنے کے شرکاءکو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مارچ کے شرکا سے بچوں کے جھولے بھی محفوظ نہیں رہے، وہ چڑیا گھر کے اندر بچوں کی طرح جانوروں کو پہچاننے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان لوگوں کے سوشل میڈیا پر انٹرویوز چلے تو یہ حقیقت کھل کر سامنے آگئی کہ اس ہجوم کو بھیڑ چال سے اکٹھا کیا گیا ہے انہیں کسی واضح ایجنڈے کے تحت نہیں لایا گیا۔
فردوس عاشق اعوان نے جے یو آئی سربراہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے سٹیج پر بہترین اداکاری کی، قوم نے یہ تمام فنکارانہ صلاحیتیں مولانا صاحب کی شکل میں دیکھیں۔ عمران خان کی ذات کے حوالے سے انہوں نے ذاتی حملے کیے، ہم ایشوز پر ایک دوسرے سے ٹکراﺅ کرسکتے ہیں جو ہمارا بنیادی حق ہے لیکن یہ کون سا مذہب یا معاشرتی روایات اجازت دیتی ہیں کہ آپ کسی شخص کے اوپر بہتان تراشی میں اتنے آگے چلے جائیں کہ آپ اسے اسرائیلی ایجنٹ کہنا شروع کردیں۔مولانا نے مذہبی کارڈ کو جس انداز میں قوم کو گمراہ کرنے کیلئے استعمال کیا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی اس کنٹینر پر موجودگی اور تقریر کرنے سے بینظیر بھٹو کی روح کو تکلیف پہنچی ہے۔