آزادی مارچ،اسلام آباد کے اہم مقامات پر ہائی الرٹ، پولیس اور ایف سی تعینات

آزادی مارچ،اسلام آباد کے اہم مقامات پر ہائی الرٹ، پولیس اور ایف سی تعینات
آزادی مارچ،اسلام آباد کے اہم مقامات پر ہائی الرٹ، پولیس اور ایف سی تعینات

  



اسلام آباد (این این آئی)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آزادی مارچ جانے کے اعلان کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی الرٹ کردی گئی۔

جمعیت علمائے اسلام کا آزادی مارچ چوتھے روز بھی ایچ 9 گراؤنڈ جاری ہے،ذرائع کے مطابق سربراہ جے یو آئی کے اعلان کے بعد زیروپوائنٹ اور ریڈ زون جانے والے راستوں پر سیکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے، پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تمام نفری کو آنسوگیس کے شیل اور دیگر سامان فراہم کردیاگیا جبکہ دوسرے صوبوں سے مزید پولیس کی نفری بھی اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ہجوم کو کسی صورت جلسہ گاہ سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا۔دوسری جانب اسلام آباد کے اہم مقامات کی طرف جانے والی سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کردی گئیں۔ سرینا چوک سے ریڈ زون کا داخلہ منقطع قرا ردیا گیا جبکہ سیکریٹریٹ کاعلاقہ بھی سیل کیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ میریٹ ہوٹل سے پارلیمنٹ ہاؤس اور ایوان صدر جانے والے راستے بھی بند کر دیئے گئے۔فیض آباد پر مری روڈ کی 4 میں سے صرف ایک لین ٹریفک کیلئے کھلی رہی جس کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہوئے۔ اْدھر اسلام آباد پولیس اور رینجرز نے امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ایس پی سٹی زون کی قیادت میں فلیگ مارچ کیا۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور مختلف مقامات پرپولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد