عمران خان نے چین کو اپنا رول ماڈل بنانے کی بات کی ،چین میں ون مین شو ہے جمہوریت نہیں ،خورشید شاہ
سکھر(ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہاہے کہ عمران خان نے اب سپر یوٹرن لیا ہے ،عمران خان نے چین کو اپنا رول ماڈل بنانے کی بات کی ہے ،چین میں ون مین شو ہے وہاں جمہوریت نہیں ،ریاست مدینہ کے چین بالکل برعکس ہے ۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق احتساب عدالت سکھر میں خورشید شاہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی،خورشید شاہ اور دیگر پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی،عدالت نے سماعت 7نومبر تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشیدشاہ نے کہاکہ حکومت اپنی کمزوریاں چھپانے کےلئے اپوزیشن پر مار دھاڑ کر رہی ہے ،حکومت جو آج کل کر رہی ہے وہ پہلے روز کرنا چاہیے تھا ،حکومت پہلے یہ اقدام اٹھاتی تو معیشت کا برا حال نہیں ہوتا ،غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنا اب بند کرو،پی پی رہنما نے کہاکہ میں کہتا ہوں عمران خان اور پی ٹی آئی سب سے زیادہ محب وطن ہیں ،ہمیں بھلے دو نمبر محب وطن سمجھو مگر لوگوں کے لیے کچھ سوچو ،انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ نے 18 ویں ترمیم دی گلگت بلتستان کو اپنا نام دیا ،افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے ،پاکستان سب سے اہم ہے آئیں مل بیٹھ کر اس ملک کےلئے سوچیں۔