تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد کیلئے بااختیار بلدیاتی نظام لا یا جارہا ہے: اسد عمر
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی دارالحکومت کیلئے نئے بلدیاتی نظام کی سفارشات تیار کرلی گئی،اسلام آباد کا بلدیاتی نظام دو حصوں پر مشتمل ہو گا۔ مئیر اسلام آباد کا انتخاب براہ راست ہوگا،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے اسلام آباد بلدیاتی نظام ایکٹ 2021 کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی اعوان، ایم این اے راجہ خرم نواز، سکرٹری قانون، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بلدیاتی نظام ایکٹ 2021 کی سفارشات کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے جو دو حصوں پر مشتمل ہو گا جس کا پہلا حصہ میٹرو پولیٹین اسلام آباد جبکہ دوسرا حصہ نیبرہڈ کونسل پر مشتمل ہوگا۔ میٹرولیٹن کارپوریشن اسلام آباد میں براہ راست میئر کا انتخاب کیا جائے گا۔ میئر کے علاوہ مجموعی طور پر میٹرولیٹن کارپوریشن 70 ارکان پر مشتمل ہوگی۔ جن میں سے 45 جنرل سیٹیں، 10 خواتین، 3 نوجوانوں کی،3 اقلیتی برادری،3 تاجر، 3 مزدور/کسان، 3 سینر سٹیزنز کی سیٹوں پر مشتمل ہیں۔بلدیاتی نظام کے دوسرے حصے کے تحت پورا اسلام آباد مجموعی طور پر 100 نیبرہڈ کونسل پر مشتمل ہو گا۔ جس میں سے 5 مخصوص نشتیں اور چئیرپرسن کے علاوہ 4 کونسلر کے الیکشن پر براہ راست الیکشن ہوگا اور مخصوص نشستوں پر 2 خواتین، 1 اقلیت، 1 یوتھ اور1 سینر سٹیزن کی نشت ہے جس کا انتخاب منتخب چئیرپرسن کرے گا۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ مجموعی طور پر اسلام آباد کے مستقبل کے تمام ترقیاتی اسکیموں پر عملدرامد، پلاننگ اور بشمول اسلام آباد ماسٹر پلان کو لوکل گورنمنٹ دیکھے گا جبکہ سی ڈی اے ایک ریگولیٹر کا کردار ادا کرے گا۔ سی ڈی اے سے 67 ڈائریکٹوریٹ میں سے 56 ڈائریکٹوریٹ مستقل بنیادوں پر میٹرو پولیٹن اسلام آباد سے لوکل گورنمنٹ کو منتقل ہو جائیں گے۔ آئی سی ٹی کے بھی 17 ڈیپارٹمنٹس میں سے 11 ڈیپارٹمنٹ لوکل گورنمنٹ کو منتقل کر دیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد کیلئے بااختیار اور بامقصد بلدیاتی نظام لایا جارہا ہے۔ جو اسلام آباد کے شہریوں کو گھر تک سہولیات دینے کا پابند ہوگا۔ وفاقی وزیر نے اسلام آباد کے بلدیاتی نظام ایکٹ کی سفارشا پر مشتمل مسودہ پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایات دیں۔
اسد عمر