ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، انگش امپائر مائیکل گف پر پابندی عائد 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، انگش امپائر مائیکل گف پر پابندی عائد 

  

         دبئی(آئی این پی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی پر انگلینڈ کے امپائر پر 6روز کی پابندی عائد کردی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے انگلینڈ کے امپائر مائیکل گف پرسخت ترین بائیو سکیور ببل توڑنے پر 6روز کی پابندی عائد کی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں یہ بائیو سکیور ببل کی پہلی خلاف ورزی ہے جو کھلاڑی کے بجائے آفیشل کی جانب سے کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل مقابلوں میں بہترین تصور کیے جانے والے امپائر مائیکل گف کو آئی سی سی بائیو سکیور کمیٹی نے 6روز کے لیے قرنطینہ کردیا ہے جب کہ ان کی جانب سے بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی کی مزید تحقیقات کی جائیں گی۔میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ  گزشتہ روز مائیکل گف بائیو سکیور ببل میں ہوٹل سے باہر نکلے اور بغیر اجازت لوگوں سے ملاقات کی جس کے بعد انہیں فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا۔

۔مائیکل گف نے پابندی کے باعث گزشتہ اتوار بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام نہیں دیے، ان کی جگہ میریس ایراسمس نے اس میچ میں امپائرنگ کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد مائیکل گف اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالیں گے تاہم انہیں آئی سی سی کی جانب سے مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جس میں انہیں ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل کی امپائرنگ سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -