ٹی 20ورلڈ کپ، پاکستان کی چوتھی مسلسل کامیابی، نمبیا کو 45رنزسے شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

  ٹی 20ورلڈ کپ، پاکستان کی چوتھی مسلسل کامیابی، نمبیا کو 45رنزسے شکست دیکر ...

  

          ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)پاکستان نے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت نمیبیا کو شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار چوتھی کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ابوظبی میں کھیلے گئے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو روبن ٹرمپیل مین نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے پہلا اوور میڈن کرایا۔نمیبیا کے بالرز کی نپی تلی بالنگ کے سبب پاکستان کے اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان کو بڑے شاٹس کھیلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔10 اوورز کے بعد دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی اور دو اوورز میں ایک رن دینے والے ٹرمپل مین کے تیسرے اوور میں 18رنزبنائے۔پاکستان کے اوپنرز نے ایک اور مرتبہ بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے سنچری شراکت قائم کی۔دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم 113 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد بابر اعظم پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 49 گیندوں پر 7چوکوں کی مدد سے 70رنز کی اننگز کھیلی۔فخر زمان کا وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وکٹوں کے عقب میں زین گرین نے شاندار کیچ لے کر انہیں پویلین رخصت کردیا۔دوسرے اینڈ پر موجود محمد رضوان نے بھی اپنی نصف مکمل کر لی جو ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری ففٹی ہے۔پاکستان نے اننگز کے آخری اوور محمد رضوان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 24 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔محمد رضوان نے 50 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 79رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ نے 16 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔حفیظ اور رضوان نے 26 گیندوں پر 67 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان نے آخری 10 اوورز میں 130رنز بنائے۔نمیبیا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو دوسرے ہی اوور میں حسن علی نے حریف ٹیم کے اوپنر مائیکل وین لنگن کو چلتا کردیا۔اسٹیفن بارڈ اور کریگ ولیمز نے 47 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اسی مرحلے پر وکٹوں میں غلط فہمی کے نتیجے میں بارڈ سے 29 رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔پاکستان کو جلد ہی تیسری وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن شاداب خان کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی ایک آسان کیچ نہ لے سکے۔تاہم ایراسمس اس ڈراپ کیچ کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور اگلے ہی اوور میں عماد کی گیند پر ان کی اننگز اختتام کو پہنچی۔اسکور 93 تک پہنچا تو شاداب خان نے کریگ ولیمز کو آٹ کر کے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کر لی جبکہ جے جے اسمٹس بھی صرف دو رنز بنا سکے۔اختتامی اوورز میں ڈیوڈ ویزے نے جارحانہ بیٹنگ کی لیکن ان کی یہ اننگز بھی نمیبیا کو شکست سے نہ بچا سکی، ویزے نے 31 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔نمیبیا نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے اور پاکستان نے میچ میں 45 رنز سے فتح حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے حسن علی، حارث رف، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے لگاتار چوتھی کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔محمد رضوان کو جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں،پاکستان بابر اعظم(کپتان)، فخر زمان، محمد رضوان، شعیب ملک، حارث رف، محمد حفیظ، شاہین شاہ، حسن علی، عماد وسیم، آصف علی، شاداب خان۔ جبکہ نمیبیا: جیرہارڈ ایراسمس (کپتان)، زین گرین، کریگ ولیمز، ڈیوڈ ویزے، مائیکل وین لینگین، جے جے اسمٹ، جین فریلنک، اسٹیفن بارڈ، جین نیکول لوفٹی ایٹون، روبن ٹرمپیل مین، بین شکنگو پر مشتمل تھیں ٹی 20ورلڈ کپ کے پانچویں بار سیمی فائنل میں داخل ہونے والی قومی ٹیم کو نمیبیا کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد وزیراعظم،صدر مملکت سمیت مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔گرین شرٹس کی کامیابی پر وزیراعظم عمران خان نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور مسلسل چوتھی فتح حاصل کی۔پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قومی ٹیم کی جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد رضوان،بابر اعظم اور محمد حفیظ کی شاندار بیٹں گ کی تعریف کی۔وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے شاندار کرکٹ کھیلنے پر محمد رضوان اور بابر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی فتح مبارک ہو۔قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے لیے نیک خواہشات، انشاء   اللہ پاکستان ٹیم کپ جیت کر آئے گی۔

میچ

مزید :

صفحہ اول -