کے الیکٹرک نے پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا

کے الیکٹرک نے پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کی جانب سے مالی سال2022  کے پہلے سہ ماہ کے مالیاتی نتائج کا اعلان کیا گیا۔30 ستمبر میں ختم ہونے والے موجودہ مالی سال کی پہلے تین ماہ کے دوران کے الیکٹرک کی آپریشنل کارگردگی میں مزید بہتری دیکھی گئی ہے جس کے نتیجے میں کے الیکٹرک کو 2 ارب 90 کروڑ روپے کا منافع ہوا۔ جمعرات کو منعقدہونے والے کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں ساماہی مالیاتی نتائج کی منظوری دی گئی۔ مالیاتی نتائج میں یہ بہتری پاور ویلیو چین میں 10.6ارب روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ بجلی کے ترسیل اور تقسیم کے نقصانات میں 3.1 فیصد تک کی کمی کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔اور یوٹیلٹی اپنے ترسیلی وتقسیمی نقصانات کومزید کم کرنے اورسسٹم کوموثر ترین بنانے کے لیے کوشاں ہے۔مالی سال 22ء کے پہلے تین مہینوں کے دوران یوٹیلیٹی کی جانب سے11500سے زائد پول ماؤنٹڈ ٹرانسفارمرز (پی ایم ٹی) کو ایئریل بنڈل کیبل (اے بی سی) پر منتقل کیے گئے ہیں۔ ان تین مہینوں کے دوران کمپنی نے 38000 کم قیمت کے نئے کنکشن بھی فراہم کیے ہیں تاکہ شہری غیر قانونی طریقے سے بجلی کے حصول کے بجائے ریگولرائزڈ ہو سکیں اوران کو مستقل، قابل بھروسہ اور محفوظ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔مزید برآں بل کی بروقت ادائیگی کے کلچر کو پروان چڑھانے اور صارفین کی سہولت کے لیے متعدد سہولیاتی اسکیمیں متعارف کرائی گئیں ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک بلوں کی ادائیگی کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے میں بھی سرگرم عمل ہے اور اس کے لیے دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ قائم کررہا ہے تاکہ صارفین مزید ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے بھی بل کی ادائیگی کر سکیں۔ کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کی بجلی کی پیداوار، ترسیلی اور تقسیمی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی سرمایہ کاری جاری ہے جو  شہر کے مستقبل کومزید محفوظ اور روشن بنائے گی۔ کورونا وبا کے باوجود900میگاواٹ کے آر ایل این جی پلانٹ (BQPS-III)پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اس نئے پاور پلانٹ سے منسلک گرڈز پر ٹیسٹنگ اور کمیشنگ کا کام چل رہا ہے۔ بن قاسم کامپلیکس کے لیے اگست میں کے الیکٹرک نے پاکستان ایل این جی لمیٹڈ سے 150 ایم ایم سی ایف ڈی آر ایل جی گیس سپلائی معاہدہ (جی ایس اے) بھی کیا ہے۔ کے الیکٹرک اپنی جنریشن فلیٹ کی مستقل بنیادوں پر مرمت اور دیکھ بھال کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ کراچی شہر کی بڑھتی ہوئی بجلی کی طلب کو پورا کیا جاسکے۔ کے الیکٹرک نے بجلی کی ترسیل کی صلاحیت 110 ایم وی اے اضافے کے بعد کل 6646ایم وی تک پہنچادی ہے۔مزید براں کے الیکٹرک مستقبل میں نیشنل گرڈ سے کراچی کے لیے 2050 میگاواٹ اضافی بجلی حاصل کرنے کیلیے دھابیجی میں 220kV انٹر کنکشن اور اس کے ساتھkV 500 کےKKI گرڈ کی تعمیر کی منصوبہ بندی کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کوشاں ہے۔ 

مزید :

صفحہ آخر -