مسلم لیگ ن امارات کے زیر اہتمام مریم نواز کی ایک اور سالگرہ منائی گئی

مسلم لیگ ن امارات کے زیر اہتمام مریم نواز کی ایک اور سالگرہ منائی گئی
مسلم لیگ ن امارات کے زیر اہتمام مریم نواز کی ایک اور سالگرہ منائی گئی

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن کے متوالوں میں ایک چیز بڑی مثبت ہے کہ یہ سب پاکستان اور مسلم لیگ ن کے خاص دن ذوق و شوق سے مناتے ہیں اور قائدین کے دکھ سکھ میں برابر کے شریک رہتے ہیں جس کا اظہار وہ تقریبات منا کر کرتے ہیں۔ حال ہی میں پی ایم ایل این کی مرکزی قائد مریم نواز شریف کی سالگرہ کا موقع آیا تو مسلم لیگ ن امارات کے کارکنوں نے مریم نواز کی سالگرہ منا کر اپنے بھرپور جذبات کا اظہار کیا۔ اپنے قائدین سے محبت اور عقیدت کے اظہار کے لیے پی ایم ایل این امارات کے عہدیداران، اراکین اور کارکنان نے مریم نواز کی سالگرہ کا اہتمام دبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں کیا۔

اس تقریب میں پی ایم ایل این امارات کے جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال اور دیگر اہم عہدیدران سینئر وائس پریذیڈنٹ عبدالمجید مغل، محمد شہزاد بٹ، عامر سہیل گھمن، حاجی محمد نواز، میاں غلام محی الدین، وقاص گھمن، چودھری نبیل ظفر، سردار آصف کریم، عبدالرزاق گجر اور دیگر لیگی کارکنان شامل تھے۔ اس موقع پر مریم نواز شریف کی 48 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، خوشی کا اظہار کیا گیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی جبکہ مریم نواز شریف کی سالگرہ پر انہیں مبارکباد کا تہنیتی پیغام بھی پہنچایا گیا۔

متذکرہ لیگی عہدیداران و اراکین نے کہا کہ مریم نواز شریف اپنے والد اور ہمارے قائد کے نقش قدم پر چل رہی ہیں، وہ بڑی جرأت مندی سے مسلم لیگ کے کاز کو آگے بڑھا رہی ہیں اور محمد نواز شریف کے بیانیے پر عمل پیرا ہیں جس پر ہم ان کے ساتھ ہیں۔ لیگی ارکان نے کہا کہ ہم سب ایک پلیٹ فارم پر ہیں، مسلم لیگ کے کاز کو آگے بڑھانے اور نواز شریف کے بیانیے کی پاسداری کررہے ہیں۔

سالگرہ کی اس تقریب کے موقع پر متذکرہ لیڈران نے امارات میں مسلم لیگ ن کو ایک پیج پر لانے کے لیے کچھ اہم فیصلے بھی کئے۔ امارات میں مسلم لیگ ن کے اتحاد اور مضبوطی کے لیے باہم اتحاد و اتفاق کا فیصلہ کیا گیا۔ لیڈران نے کہا کہ مسلم لیگ ن سب کی سانجھی جماعت ہے لہٰذا اس میں ہر ورکر کو اس کا حق اور عزت و احترام ملنا چاہیے۔

مزید :

تارکین پاکستان -