وزیراعظم کا قوم سے خطاب ، بلاول بھٹو زرداری بھی میدان میں آگئے 

وزیراعظم کا قوم سے خطاب ، بلاول بھٹو زرداری بھی میدان میں آگئے 
وزیراعظم کا قوم سے خطاب ، بلاول بھٹو زرداری بھی میدان میں آگئے 

  

لاڑکانہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی پیکج، ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھروں کی طرح عمران خان نے آج بھی جو اعلانات کیے وہ عوام کے لیے لالی پاپ ہے ،عوام 30فیصد ریلیف کا کیا کریں گے؟یہ سلیکٹڈ حکومت اتنی نااہل ہے کہ ریلیف کے نام پر بھی عوام کو صرف تکلیف ہی پہنچا رہی ہے،وزیراعظم کا پیکج سوائے مذاق کے اور کچھ نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ  تحریک انصاف والے جھوٹے اور نالائق  ہیں ،یہ عوام کو ریلیف کے نام پر تکلیف دیتے ہیں،عمران خان وعدہ خلافی اور جھوٹ بولنے والے وزیراعظم ہیں ،عمران خان آج بھی اپنی ناکامیوں کا ملبہ پچھلی حکومتوں پر ڈال رہے ہیں،مہنگائی کے خلاف پیپلز پارٹی اور عوام کے احتجاج کے نتیجے میں عمران خان کو قوم سے خطاب کرنے پر مجبور کیا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم کی جانب سے ایک مرتبہ پھرجھوٹ اور یوٹرن پر مبنی خطاب کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں عام آدمی پریشان اور مایوس ہے،کراچی پیکج، ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھروں کی طرح آج کے خطاب میں بھی عمران خان نے جو بھی اعلان کیے ہیں وہ ایک لالی پاپ ہے ،وزیر اعظم ٹی وی پر آکر احساس پروگرام کی بڑی بڑی باتیں تو کررہے ہیں مگر انہیں حقیقت میں عوام کی تکالیف کا احساس نہیں ہے،یہ کیسا مذاق ہے کہ ارب پتیوں کے لئے ایمنسٹی سکیموں کا اعلان کرنے والی حکومت کے پاس عوام کی بہبود کا کوئی منصوبہ نہیں ہے،اگر اس ملک کو بچانا ہے اور پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنا ہے تو عوام کو جیالوں کی حکومت بنانا ہوگی۔

واضح رہے کہ  وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئےملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا اعتراف کیا اور کہا  کہ ملک میں مہنگائی ہے اور غریب طبقے پر دباؤ ہے،میڈیا سے گزارش ہے کہ تصویر کے دونوں رخ دکھائے، مہنگائی پوری دنیا میں ہے، امریکہ اور انگلینڈ میں بھی اگر غریب طبقے کے پاس جائیں تو وہ بھی مہنگائی کا کہیں گے،دنیا بھر میں مہنگائی ہوئی ہے اور اس کا اثر پاکستان پر بھی پڑا ہے، باہر سے آنے والی مہنگائی کا کچھ نہیں کرسکتے، اگر ہمیں باہر سے چیزیں نہ منگوانی پڑیں تو قیمتیں خود ہی کم ہوجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب بڑا ’فلاحی پروگرام‘ پیش کررہے ہیں، اس پروگرام کا مقصد ملک کو فلاحی ریاست کی جانب ایک قدم ہے،فلاحی پیکج میں دو کروڑ خاندانوں کیلئے پیکج لارہےہیں جس سے 13کروڑ پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا، گھی، آٹا اور دال پر 30 فیصد سبسڈی ملےگی،کامیاب پاکستان کیلئے 1400 ارب روپے کی فنڈنگ رکھی ہے، 40 ہزارخاندانوں کیلئے سود کے بغیر قرضوں کا پروگرام لارہے ہیں، سود کے بغیر قرضوں سے گھربنائے جاسکتےہیں، شہروں میں بھی سود کے بغیر 5 لاکھ روپے کا قرضہ دیا جائےگا،کامیاب جوان پروگرام کےتحت 22 ہزار بزنسز کیلئے قرضے دیے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکالرشپ پروگرام دے رہے ہیں، 60 لاکھ سکالرشپس پر47 ارب روپے خرچ کررہےہیں،اس میں صوبے بھی شامل ہیں۔

مزید :

قومی -