نور مقدم کیس ، مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو پولیس افسر پر حملہ کرنا مہنگا پڑگیا ، ایک اور مقدمہ درج
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نور مقدم کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو کمرہ عدالت میں پولیس افسر پر حملہ کرنا مہنگا پڑ گیا ،پولیس کی تحویل میں ہی ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق نور مقدم قتل کیس کی سماعت کے دوران مرکزی ملزم ظاہر جعفر نے اونچی آواز میں بولنا شروع کر دیا تھا جس پر عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ ملزم کو کمرے عدالت سے باہر نکال دیا جائے ،جب پولیس افسر نے ملزم کو باہر نکالنا چاہا تو ظاہر جعفر نے ایس ایچ او کو گریبان سے پکڑ لیا اور گالم گلوچ کرتے ہوئے ہاتھا پائی شروع کردی،ملزم اس موقع پر دیوار کے ساتھ اپنا سر مار کر خود کو زخمی کرنے کی بھی کوشش کرتا رہا ، جس پر پولیس کے دیگر اہلکاروں نے ملزم کو زبردستی اٹھا کر بخشی خانے میں منتقل کردیا تھا ۔اب وفاقی پولیس نے نورمقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے خلاف کارسرکار میں مداخلت اوراحاطہ عدالت میں خودکشی کی کوشش کرنے پر ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔