معاشی ترقی سیاسی استحکام سے وابستہ، انتشار کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں، گورنر پنجاب 

معاشی ترقی سیاسی استحکام سے وابستہ، انتشار کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں، ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماؤں طلال چوہدری، عابد شیر علی، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعمان احمد لنگڑیال اور ممبران قومی اسمبلی ملک رشید احمد خان اور سید ساجد مہدی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت اہم امور پر گفتگوکی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ملک میں معاشی ترقی سیاسی استحکام سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کیلئے سب کو چاہئے کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے سابق ادوار میں مہنگائی کی شرح کم تھی اور معیشت بہتر تھی، مسلم لیگ(ن)نے ہمیشہ تعلیم، صحت سمیت ہر شعبے میں عام لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھائے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ کسان پیکیج کے اعلان سے معیشت پر مثبت اثرات ہوں گے۔ وفاقی حکومت کے زرعی پیکیج سے کسانوں کو ریلیف ملا ہے، وزیراعظم شہباز شریف دن رات کام کر رہے ہیں پوری کوشش ہے کہ عوام کو مہنگائی اور دیگر مسائل سے نجات دلائی جائے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی کے لئے اچھی پالیسیوں کا نہ صرف تسلسل رہنا چاہئے بلکہ ان میں مزید بہتری لانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید دور میں نوجوانوں کو آئی ٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا بہت ضروری ہے۔ 

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -