ریکوڈک سمیت بلوچستان کی ترقی سے متعلق تمام منصوبوں کو پبلک کیا جائے: سراج الحق 

ریکوڈک سمیت بلوچستان کی ترقی سے متعلق تمام منصوبوں کو پبلک کیا جائے: سراج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ ریکوڈک سمیت بلوچستان کی ترقی سے متعلق بیرونی ممالک سے کیے گئے تمام منصوبوں کو پبلک کیا جائے۔ صوبے کے عوام کو جاننے کا حق ہے کہ حکمران ان کے لیے کیا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کے حالیہ دورہ کے دوران چین اور پاکستان کا سی پیک پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کااعلان خوش آئند ہے، بلوچستان سے آغاز کیا جائے، صوبے کو سب سے زیادہ حصہ ملے۔ بلوچستان کے وسائل پر صوبے کے عوام کا پہلا حق ہے۔ حقوق بلوچستان پیکیج کا کچھ بنا نہ گوادر کے لوگوں سے وعدے پورے کیے گئے۔ گوادر پورٹ کو گیم چینجر کا نام دیا گیا لیکن برسوں گزرنے کے باوجود بات صرف وعدوں اور نعروں تک محدود رہی، مقامی رہائشی بنیادی سہولتوں تک سے محروم ہیں، گوادر میں غیرضروری چیک پوسٹس عوام کی تضحیک ہیں، معاہدے کے باوجود انھیں ختم نہیں کیا گیا۔ بلوچستان کی 70فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے،بے روزگاری کی شرح بھی سب سے زیادہ،جن لوگوں کے پاؤں تلے معدنیات کے ذخائر ہیں، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے انھیں پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں۔ کرپشن اور امن و امان کی صورت حال بلوچستان میں سب سے بڑا چیلنجز ہیں۔ صوبے میں سیلاب متاثرین دربدر پھر رہے ہیں۔ بلوچستان کا نوجوان حکمرانوں سے بے زار اور مایوس ہو چکا، محرومیاں بڑھتی رہیں تو حالات مزید خطرناک ہوں گے۔ قدرتی گیس پیدا کرنیوالے علاقے کے 80فیصد عوام کو کھانا پکانے کے لیے ایندھن میسر نہیں۔ بلوچستان کے بیشتر دیہاتوں میں بجلی سرے سے نہیں، شہروں میں گھنٹوں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ بلوچستان سمیت ملک بھر کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کریں، نظام مصطفی ہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔ حضورؐ کا اسوہء حسنہ ہمارے لیے بہترین نمونہ، اسی پر عمل پیرا ہو کر دنیاوی و اخروی زندگی میں کامیابی ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے شہر بیلہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالحق ہاشمی اور امیر جماعت اسلامی لسبیلہ مولانا عبدالمالک بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سراج الحق 

مزید :

صفحہ آخر -