آئرلینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم آسان حریف نہیں، ندا ڈار

   آئرلینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم آسان حریف نہیں، ندا ڈار

  

 لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کا کہنا ہے کہ آئر لینڈ کی ویمن ٹیم اچھی ہے، ان کی کھلاڑی انگلینڈ اور  آسٹریلیا میں کھیلنے کا تجربہ رکھتی ہیں، آئرش کھلاڑیوں کی جارحانہ اپروچ ہے اور  وہ مضبوط ارادے کی ساتھ کھیلتی ہیں، یہ ایک چیلنجنگ سیریز ہے اور ہمیں بھی ان کے انداز میں کھیلنا ہو گا۔ آل راؤنڈر ندا ڈار کا کہنا تھا آئی سی سی ویمن چیمپئین شپ کے لیے پوائنٹس بڑی اہمیت کے حامل ہیں، ہر ٹیم کی کوشش ہے کہ وہ پوائنٹس اپنے نام کرے اور ہمارا بھی یہی ٹارگٹ ہے۔ان کا کہنا تھا امید ہے کہ آئرلینڈ کے خلاف ہوم سیریز بہت اچھی رہے گی، آئندہ ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے بھی یہ سیریز اہم ہے۔

ندا ڈار نے کہا کہ اسپنرز ہمارا پلس پوائنٹ ہیں لیکن بیٹرز کو اس مرتبہ تسلسل کے ساتھ کھیلنا ہو گا، انہیں ذمہ داری لینا ہو گی اور اپنے پوٹینشل کے مطابق کھیلنا ہو گا، بیٹرز کو چیلنج لینا پڑے گا تاکہ ورلڈ کپ کی اچھی تیاری ہو سکے۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ میرا ٹارگٹ یہی ہوتا ہے کہ بیٹ اور بال سے اچھا کروں اور ٹیم کو جتواوؤں، میں نے دنیا کی بہترین آل راؤنڈرز بننا ہے اس کے لیے میں محنت کرتی ہوں اور 100 فیصد دینے کی کوشش کرتی ہوں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -