سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب غلام صغیر شاہد کا وکٹوریہ ہسپتال کا دورہ، مختلف شعبوں کا معائنہ، ملاقاتیں 

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب غلام صغیر شاہد کا وکٹوریہ ہسپتال ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بہاولپور(ڈسٹرکٹ بیورو)سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب غلام صغیر شاہد نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاول پور کا دورہ کیا اورشعبہ ایمرجنسی، شعبہ پیڈز، شعبہ گائنی اور دیگر وارڈز میں فراہم کردہ طبی و دیگر سہولیات کا (بقیہ نمبر26صفحہ7پر)
جائزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ادویات کی دستیابی بارے بھی استفسار کیا۔ پیڈز وارڈ-IIمیں ضروری انجکشن مارکیٹ سے منگوائے جانے کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب غلام صغیر شاہد نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ شعبہ ایمرجنسی اور ان ڈور مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات100 فی صد مفت فراہم کی جائیں۔انہوں نے مرکزی آئی سی یو میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور گائنی بلاک کے گراسی پلاٹس کی بدحالی پر افسوس و ناراضگی کا اظہار کیا اور سپرنٹنڈنٹ کو صفائی اور ہارٹیکلچر کے حوالہ سے مناسب دیکھ بھال کی ہدایت کی۔ پیڈز آئی سی یو کے دورہ کے دوران ڈیوٹی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر احمد عبداللہ کے سفید کوٹ نہ پہننے پر سیکرٹری نے ناراضگی کا اظہار کیا اور ایم ایس کو ڈاکٹر کے خلاف فوری شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر سیکرٹری نے کہا کہ سفید کوٹ ڈاکٹروں کی پہچان اور ان کے وقار کی علامت ہے، تمام ڈاکٹر اور پیرامیڈیکس اوور کوٹ لازمی پہنیں۔ اس سے نہ صرف شعبہ طب سے منسلک افراد کے وقار میں اضافہ ہوگا بلکہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو ان تک رسائی میں بھی بہت آسانی ہو گی۔انہوں نے ایمرجنسی بلاک کے معائنہ کے موقع پر پانی کی لیکج سے مختلف دیواروں کی خراب حالت کوفوری طور پرٹھیک کرانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال پر توجہ دی جائے اور اسے مریضوں کے لیے صاف ستھرا اور جاذب نظر بنایا جائے۔ قائداعظم میڈیکل کالج بہاول پور کے دورہ کے موقع پرانہوں نے پرنسپل کیو ایم سی ڈاکٹر صوفیہ فرخ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید عامر محمود کو ہدایت کی کہ سول ہسپتال میں آنے والے مریضوں کوہمہ وقت صحت عامہ کی سہولیات فراہم کی جائیں اور بہاول پور وکٹوریہ ہسپتال میں فارمیسی کے لیے مختص جگہ کوبھی اس کے مقاصد کے لیے موثر طور پراستعمال کیا جائے تاکہ اس مخصوص ایریا میں رش کم کیا جاسکے۔ پرنسپل قائداعظم میڈیکل کالج بہاول پور ڈاکٹر صوفیہ فرخ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب غلام صغیر شاہد کو مختلف امور بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قائداعظم میڈیکل کالج میں ہر سال 325 طلباء و طالبات ایم بی بی ایس میں داخلہ لیتے ہیں اوربہاول وکٹوریہ ہسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر شعبہ بیرونی مریضاں میں 6 ہزارسے 7 ہزار جبکہ شعبہ ایمرجنسی میں روزانہ کی بنیاد پرایک ہزار سے ڈیڑھ ہزارمریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جبکہ ماہانہ دوہزار سے اڑھائی ہزار مختلف نوعیت کی سرجریز بھی کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہسپتال میں لائے جانے والے ایمرجنسی مریضوں کے لیے ریسپانس ٹائم سیکنڈز میں ہوتا ہے اور اس وقت تھیلیسیمیا سنٹر میں 3700 مریض رجسٹرڈ ہیں۔بریفنگ کے دوران تھیلیسیمیا و بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر، ڈینٹل میڈیکل کالج اور دیگر جاری ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا اورقائد اعظم میڈیکل کالج و ہسپتال کے مالی معاملات، افرادی قوت، ادویات کی دستیابی اور دیگر امور کو بھی زیر بحث لایا گیا۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب غلام صغیر شاہد نے پرنسپل کیو ایم سی اور ایم ایس بی وی ایچ کو ہدایات جاری کیں کہ مختلف ایشوز پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب کولازمی آن بورڈ لیا جائے تاکہ میڈیکل کالج اور ہسپتال کو درپیش مسائل کا فوری حل تلاش کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے جاری کردہ بزنس رولز کے مطابق جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ مکمل طور پرفعال ہے۔