سیلاب متاثرین بحالی و نقصانات ازالہ چیلنج سے کم  نہیں: تیمور جھگڑا

سیلاب متاثرین بحالی و نقصانات ازالہ چیلنج سے کم  نہیں: تیمور جھگڑا

  

     پشاور (سٹی رپورٹر) اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اور ہیومنیٹیرئین کوارڈینٹر جولین ہرنس نے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور وزیر برائے اعلٰی تعلیم کامران بنگش سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سپیشل سیکرٹری بجٹ محمد کبیر آفریدی اور سیکرٹری پی اینڈ ڈی شاہ محمود بھی موجود تھے۔ملاقات میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور سیلاب کے بعد بحالی کے لیے اُٹھائی جانے والی اقدامات اور حکومتی کاوشوں پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں اقوام متحدہ کی جانب سے امدادی سرگرمیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں اقوام متحدہ کے یو این کواپریشن فریم ورک 2023-27 کیلئے موسمیاتی تغیر سے متعلق ہم آہنگی کو مزید تقویت دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے اقوام متحدہ کے کوارڈی نیٹر کو سیلاب سے ہونے والی نقصانات بارے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے صوبے میں بحالی کیلئے اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور نقصانات کا ازالہ پختونخوا جیسے چھوٹے صوبے کیلئے واقعی میں کسی چیلنج سے کم نہیں۔ وزیر صحت نے بتایا کہ موسمیاتی تغیر کے تناظر میں آنے والی تباہیوں سے مستقبل میں بچنے کیلئے صوبے کو اقدامات اٹھانے ہونگے۔ اس بارے بین الاقوامی اداروں کو بڑھ کر پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا۔ موسمیاتی تغیر سے نمٹنے کیلئے ملکی سطح پر کوئی ادارہ یا اقدامات نہ ہونے کے برابر ہے۔ دسمبر میں نیویارک میں ہونے والے موسمیاتی تغیر سے متعلق اقوام متحدہ کی کانفرنس میں صوبوں کی نمائندگی ہونی چاہئے تاکہ صوبے اپنے مسائل اور موسمیاتی تغیر کیلئے اُٹھائی جانے والے اقدامات کو پیش کرسکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -