الخدمت کی خیمہ بستی میں مقیم سیلاب متاثرین کی گھروں کو واپسی، تعمیر نو کا آغاز

الخدمت کی خیمہ بستی میں مقیم سیلاب متاثرین کی گھروں کو واپسی، تعمیر نو کا ...

  

       کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کے تحت سیہون میں قائم خیمہ بستی میں مقیم سیلاب متاثرین کو ان کے گھروں کو روانہ کردیا گیا،جبکہ متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر نو کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ الخدمت کراچی کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نے منیجر سرفراز شیخ کی قیادت میں متاثرین کو ان کے گھروں کیلئے ر وانہ کیا۔ سیلاب متاثرین دو ماہ قبل سیلاب کے باعث سیہون میں قائم  الخدمت خیمہ بستی میں مقیم ہوئے تھے، جہاں متاثرین کی مکمل دیکھ بھال کے ساتھ انہیں کھانا، پینے کا پانی اور راشن فراہم کیا جا رہا تھا۔ خیمہ بستی کے متاثرین کے علاقوں سے سیلابی پانی اب کچھ کم ہواہے اور وہ اپنے علاقوں کو واپس جانا چاہتے تھے۔ الخدمت کی ٹیم نے ان کا خیموں میں موجود سامان گاڑیوں میں رکھوایااور انہیں ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے میں ان کی مدد کی۔دریں اثنا چیف  ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ کا کہنا تھا کہ متاثرین سیلاب کیلئے ریلیف کے کاموں کے بعد بڑا کام یہ کہ ان متاثرین کی زندگیوں کو معمول پر لایا جائے۔ الخدمت نے یہ اہم ترین کام شروع کر دیا ہے۔ الخدمت متاثرین سیلاب کو گھر بنا کر دے گی تاکہ وہ متاثرین جن کے گھر سیلاب میں مکمل تباہ ہو چکے ہیں ان کو چھت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے راجن پور میں سیلاب متاثرین کیلئے تعمیر نوپروگرام کے تحت کام کا آغاز کر دیا ہے،اسی طرح سندھ،بلوچستان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی کامکانات کی تعمیر کیلئے منصوبہ بنایا گیا ہے۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت نے ماضی میں بھی زلزلہ اور سیلاب متاثرین کو ہزاروں گھر بنا کر انہیں چھت فراہم کی اور اب بھی انشااللہ ہم یہ اہم فریضہ انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی اور ان کے گھروں کی تعمیر نو کاکام ایک بڑا کام ہے۔ الخدمت مخیر حضرات سے بھی اپیل کر رہی ہے کہ وہ اس اہم ترین مقصد میں الخدمت کا ساتھ دیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -