پشاور ایئر پورٹ پر غیر ملکی مہمان صحافیوں کیساتھ بد سلوکی کی مذمت 

پشاور ایئر پورٹ پر غیر ملکی مہمان صحافیوں کیساتھ بد سلوکی کی مذمت 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


     پشاور (سٹی رپورٹر) خیبر یونین آف جرنلسٹس نے باچا خان ائیرپورٹ پشاور پر غیر ملکی مہمان صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کی مذمت کی ہے۔ تلاشی کے بہانے خاتون صحافی کی اس کے والد کے سامنے بے عزتی کرنے والوں نے پاکستان کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، اس گھناونے فعل میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے بصورت دیگر یونین اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔ ایک بیان میں خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین اور جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی نے کہا ہے کہ پشاور میں پہلی بار انٹرنیشنل پیس اینڈ سپورٹس کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد دنیا کو پاکستان خصوصاً پشاور کا مثبت چہرہ دکھانا تھا اس مقصد کے لئے دس ممالک سے مندوبین آئے تھے تاہم واپسی پر پشاور ائیرپورٹ پر کچھ غیر ملکی صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کی گئی اور آذربایجان سے آئے سینئر صحافی کے سامنے اس کی بیٹی نرگس محمودزادے کے ساتھ بدسلوکی کی گئی اسی طرح سری لنکن صحافی رام پرکاش کو بھی بلاجواز روکا گیا جس کی وجہ سے ان تینوں کی فلائیٹ مس ہو گئی۔ خیبر یونین آف جرنلسٹس نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث اور پاکستان کا امیج خراب کرنے کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے بصورت دیگر خیبر یونین کی جانب سے احتجاج کا اعلان کیا جائے گا۔