لانگ مارچ، اسلام آباد کے نزدیک پہنچنے پر سیاسی مینڈکوں کی تکلیف میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے: بیر سٹر محمد علی سیف

لانگ مارچ، اسلام آباد کے نزدیک پہنچنے پر سیاسی مینڈکوں کی تکلیف میں اضافہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ لانگ مارچ، اسلام آباد کے نزدیک پہنچنے پر سیاسی مینڈکوں کی تکلیف میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے مقابلے میں پی ڈی ایم جماعتوں نے پریس کانفرنسز مارچ شروع کر رکھا ہے۔ اپنے دفتر سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں پی ڈی ایم ڈی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے پے درپے پریس کانفرنسز پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ٹی وی چینلز کی سکرینوں کو اس لیے پریس کانفرنس کرکے مصروف رکھا جا رہا ہے تاکہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں جاری تاریخی لانگ مارچ کی کوریج کو عوام تک نہ پہنچنے دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ جیسے جیسے اسلام آباد کے نزدیک پہنچ رہا ہے ویسے ویسے سیاسی مینڈکوں کی تکلیف میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے جواب میں پی ڈی ایم جماعتیں پریس کانفرنسز مارچ کر رہی ہے۔ان پے درپے پریس کانفرنسز کا بنیادی مقصد لانگ مارچ کی کوریج کو روکنا اور عوام کو گمراہ کرنا ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ یہ سب اپنی سیاسی لنگوٹی ہاتھوں میں پکڑے دوڑ رہے ہیں جبکہ پی ڈی ایم جماعتوں کے پاس کوئی سیاسی نظریہ اور منصوبہ بندی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے احمد شاہ رنگیلا ہنوز دلی دور است کہہ کر خود کو اور اپنی افواج کو مطمئن کرتا رہا ویسے ہی پی ڈی ایم جماعتیں ہنوز اسلام آباد دوراست کے نعرے لگا کر خود کو تسلی دے رہی ہیں تاہم لانگ مارچ کے بعد ''پی ڈی ایم کی داستان بھی نہ ہوگی داستانوں میں ''۔

مزید :

صفحہ اول -