ہائے لمبی جدائی ۔۔۔داستان بلبل صحرا ریشماں کی

ہائے لمبی جدائی ۔۔۔داستان بلبل صحرا ریشماں کی
ہائے لمبی جدائی ۔۔۔داستان بلبل صحرا ریشماں کی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تحریر: آغا نیاز مگسی 
آج ہم آپ کو داستان سنائیں گے برصغیر کی نامور کلاسیکل اور لوک گلوکارہ  ریشماں کی ۔ریشماں  1947 میں ہندوستانی ریاست راجستھان کی تحصیل رتن گڑھ کے  نواحی گاؤں"  بیکانیر "  میں ایک خانہ بدوش خاندان میں پیدا ہوئیں ۔  ان کا خاندان ہندو مذہب سے تھا جو کہ ریشماں کی پیدائش سے کچھ عرصہ قبل مسلمان ہوا تھا۔ قیام پاکستان کے بعد ان کے والد  مشتاق احمد کراچی منتقل ہو گئے۔ ریشماں کو بچپن سے ہی گائیکی کا شوق تھا جس کی وجہ سے وہ شادی بیاہ کی تقریبات میں گاتی تھیں 12 برس کی  عمر میں انہوں نے اولیائے کرام کی درگاہوں اور مزارات پر صوفیانہ اور عارفانہ کلام پڑھنا شروع کیے اسی دوران ریڈیو پاکستان کراچی کے ایک پروڈیوسر سید سلیم گیلانی نے انہیں حضرت لعل شہباز قلندرؒ   کی درگاہ پر  گاتے ہوئے  دیکھا ان کی آواز اور گائیکی پسند آنے کی وجہ سے انہیں ریڈیو پاکستان کراچی میں گوایا ۔ ان  کی خوب صورت آواز اور گائیکی کی شہرت پاکستان سے ہندوستان تک پہنچ گئی چناں چہ 1980 کی دہائی میں ایک معروف ہندوستانی فلم ہدایت کار سبھاش گئی نے ریشماں کی آواز میں گانا " لمبی جدائی"  کو اپنی فلم " ہیرو" میں شامل کیا  جو کہ پاکستان کی طرح ہندوستان میں بھی بہت مشہور و مقبول ہو ا۔  جلد ہی ریشماں کا شمار  برصغیر کی صف اول کی گلوکاراؤں میں ہونے لگا اورانہیں بین الاقوامی شہرت حاصل ہو گئی ۔ انہوں نے امریکہ ،برطانیہ اور  ہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔  ہندوستان کی وزیر اعظم مسز اندرا گاندھی بھی ان کی  بڑی مداح تھیں ۔ وہ  ہندوستان آمد پر وزیر اعظم ہاؤس میں  اپنے پاس ٹھہراتی تھیں ۔  ریشماں کم پڑھی لکھی تھیں  ۔ صوفیانہ مزاج کی وجہ سے  گوشت اور انڈے وغیرہ جیسی خوراک نہیں کھاتی تھیں ۔ وہ  صرف سبزی کھانا پسند کرتی تھیں ۔ ساگ کا سالن  اور مکئی کی روٹی ان کی پسندیدہ غذا تھی۔ ریشما ں کا خاندان 1990 کی دہائی میں لاہور منتقل ہو گیا۔ 3 نومبر 2013 میں وہ گلے کے سرطان کے عارضہ میں انتقال کر گئیں ۔ ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا عمیر اور ایک بیٹی خدیجہ ریشما ں شامل ہیں ۔

ریشماں کے گائے چند مشہور گانوں کے بول

1 :عاشقاں دی گلی وچ مقام دے گیا
2 :سن چرخے دی مٹھی مٹھی مٹھی کوک ماہیا
3 :وے میں چوری چوری 
4 :انکھیاں نوں رہن دے انکھیاں
5 :دما دم مست قلندر 
6 :ہائے لمبی جدائی
7 :ناں دل دیندی بے دردی نوں

مزید :

ادب وثقافت -