ٹوئٹر کی خریداری میں ایلون مسک کی مدد کرنے والے سرمایہ کاروں کی تفصیلات سامنے آگئیں، عرب شہزادہ بھی شامل

ٹوئٹر کی خریداری میں ایلون مسک کی مدد کرنے والے سرمایہ کاروں کی تفصیلات ...
ٹوئٹر کی خریداری میں ایلون مسک کی مدد کرنے والے سرمایہ کاروں کی تفصیلات سامنے آگئیں، عرب شہزادہ بھی شامل

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کے امیر ترین آدمی ایلون مسک نے گزشتہ ہفتے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ’ٹوئٹر‘ کی ملکیت حاصل کر لی۔ 44ارب ڈالر کا یہ سودا حتمی انجام کو پہنچانے میں ان  کی کس کس شخصیت نے مدد کی؟ اس حوالے سے بلومبرگ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ٹوئٹر میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی ایک طویل فہرست ہے جس میں ٹوئٹر کے شریک بانی اور سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک ڈورسے اور ارب پتی سعودی شہزادہ الولید بن طلال بھی شامل ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق جیک ڈورسے نے ٹوئٹر میں اپنے شیئر کے بدلے ایلون مسک کی کمپنی ایکس ہولڈنگزکے شیئر حاصل کر لیے، جو اب ٹوئٹر کی مالک کمپنی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جیک ڈورسے کے ٹوئٹر میں شیئرز کی مالیت 97کروڑ 80لاکھ ڈالر تھی۔ اسی طرح شہزادہ الولید بن طلال نے اپنے 1.9ارب ڈالر کے شیئرز 54.20ڈالر فی شیئر کی قیمت پر ایکس ہولڈنگز میں منتقل کیے۔ اس سرمایہ کاری کے ساتھ شہزادہ الولید ایکس ہولڈنگز میں سرمایہ لگانے والے دوسرے بڑے سرمایہ کار بن گئے ہیں۔

 قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی نے بھی اپنے 37کروڑ 50لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز ایلان مسک کی نئی کمپنی میں منتقل کیے۔ اس کے علاوہ ایلان مسک نے وال سٹریٹ بینک سے قرض لیا اور دیگر حوالوں سے رقم اکٹھی کرکے 44ارب ڈالر میں مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم کی خریداری کے سودے کو حتمی شکل دی۔

مزید :

بزنس -سائنس اور ٹیکنالوجی -