پنجاب پولیس سیکیورٹی رانا ثناء اللہ کے گھر کو دے رہی ہے، لگتا ہے وہ ہدایات کہیں اور سے لے رہی ہے ، فرخ حبیب 

پنجاب پولیس سیکیورٹی رانا ثناء اللہ کے گھر کو دے رہی ہے، لگتا ہے وہ ہدایات ...
پنجاب پولیس سیکیورٹی رانا ثناء اللہ کے گھر کو دے رہی ہے، لگتا ہے وہ ہدایات کہیں اور سے لے رہی ہے ، فرخ حبیب 

  

فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ  رانا ثناء اللہ کے بھیجے غنڈوں نے ہمارے پر امن دھرنے پر فائرنگ کی ، ساری پولیس رانا ثناء اللہ کے گھر پر  سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے ، ایسے لگتا ہے جیسے وہ  کہیں اور سے ہدایات لے رہے ہیں ۔

نجی ٹی وی " بول نیوز "  سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف ہم پر امن احتجاج کر رہے تھے کہ رانا ثناء اللہ کے بھیجے گئے غنڈوں نے  فائرنگ کی ، ہم ایف آئی آر انہی کے خلاف کٹوائیں گے ۔ ہمارے کارکن اب بھی وہیں کھڑے ہیں، ہم ہزاروں کی تعداد میں قائم ہیں ، ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ، یہ امپورٹڈ حکومت خوفزدہ ہو چکی ، یہ خون کی ہولی کھیل رہے ہیں ۔ 

فرخ حبیب نے کہا کہ یہ  پر امن پاکستانیوں کو متشدد کرنا چاہتے ہیں، یہ ملک میں آگ لگانے کی کوشش کرتے ہیں ، ایسے شخص کو وزارت داخلہ پر بٹھا دیا گیا ہے ، اس کی قاتلانہ سوچ آگے آرہی ہے ۔ پولیس نام کی کوئی چیز نہیں ، ایس پی  رانا ثناء اللہ کے گھر کے باہر موجود ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب نوٹس لیں ،   وکٹ کے دونوں طرف نہ کھیلیں۔

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -فیصل آباد -