غدار کہنے والے مجھ سے پہلے غدار ہیں: کھوڑو
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام بل کی منظوری پر انہیں غدار قرار دینے والے جلال محمود شاہ نے سندھ کے ساتھ پہلے غداری کی تھی جبکہ حکومت سے علیحدہ ہونے والے ارکان نے بل میں ترامیم نہ لا کر حکومت کی مدد کی۔ نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے حقوق کے دعویدار جلال محمود شاو نے کالا باغ ڈیم کے حامی نواز شریف سے اتحاد کیا ہے۔ بلدیاتی نظام پر سندھ ٹوٹنے کی بات کرنے والے بھول جاتے ہیں کہ پرویز مشرف کے دور میں صرف کراچی کو شہری حکومت قرار دیا گیا لیکن سندھ دو ٹکڑے نہیں ہوا۔ اس نظام میں تو پانچ شہر میٹروپولیٹن کارپوریشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1957ءمیں اس وقت کے ڈپٹی سپیکر جلال محمود شاہ کالا باغ ڈیم کے خلاف قرارداد پر اسمبلی سے بھاگ گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس تعینات کر کے مشتعل افراد کو ارکان اسمبلی کے گھروں پر توے اور چوڑیاں لٹکانے سے روکا جا سکتا تھا لیکن حکومت نے ایسا نہیں کیا۔