غیراخلاقی لیکچر دینے والے سکولوں کے سربراہوں کی طلبی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ دویلپمنٹ ڈویڑن نے نجی سکولوں میں غیر اخلاقی لیکچر ز دیئے جانے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئندہ اجلاس میں ان سکولوں کے سربراہان کو طلب کرلیا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس جمشید دستی کی صدارت میں ہوا جس میں کمیٹی کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ سیکرٹری، چیف کمشنر اور آئی جی پولیس کے ہمراہ ان سکولوں کا دورہ کرکے تحقیقات کریں اور الزام سچ ثابت ہونے کی صورت میں ان سکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے۔ کمیٹی کے چیئرمین جمشید دستی کا کہنا تھا کہ بعض نجی سکول اخلاقیات پر حملے کرنے کیلئے کھولے گئے ہیں اور اگر الزامات ثابت ہوتے ہیں تو ان سکولوں کو سیل کرنے کی بھی سفارش کی جائے گی۔