تمام بجلی گھر ”تھرکول “پر منتقل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں بجلی کی پیدوار میں اضافے اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے تھر کول سے استفادہ کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم ہاوس میں وزیراعظم کی صدارت میں تھر کول انرجی بورڈ کا اجلاس ہوا اجلاس میں وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ سمیت وفاقی وزراءاور دیگر اعلی حکام نے شر کت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک کے تمام نئے اور موجودہ بجلی گھروں کو تھر کول پر منتقل کر دیا جائے گا ،اجلاس میں سندھ اینگرو کول مائنگ کمپنی کو خود مختار گارنٹی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کے لیئے وزارت خزانہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ حکومت سندھ نے جامشورو پاور پلانٹ کو تھر کول پر منتقل کر نے کی درخواست کی تھی۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بروقت فیصلے نہ کیے تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج توانائی پالیسی کی بنیاد ڈال دی ہے جس سے بڑی مقدار میں غیر ملکی زر مبادلہ بچایا جا سکے گا اور ملک توانائی کے شعبے میں خود کفئیل ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کول کے دنیا کے چھ بڑے ذخائر پاکستان میں ہیں جنہیں قابل استعمال لانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا یہ فیصلے ایک نئی شروعات ہیں جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔