عبدالرحمان پر برطانیہ میں کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگ گئی
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈنے ٹیسٹ کرکٹر عبدالرحمان پر 3 ماہ کی پابندی لگادی ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ای سی بی سے فیصلے کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ عبدالرحمان کا انگلینڈ میں سمر سیٹ کاﺅنٹی کی نمائندگی کے دوران اگست میں ڈوپ ٹیسٹ ہوا جو مثبت آئے جس پر انگلش کرکٹ بورڈ نے ان پر 3 ماہ کی پابندی عائد کردی ہے۔ ای سی بی کے مطابق عبدالرحمان پر 21 ستمبر سے 21 دسمبر تک پابندی عائد کی گئی ہے۔ ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ ان سے غلطی ہوئی ہے اور وہ اس پر اہل خانہ، پاکستان کرکٹ بورڈ، ای سی بی اور سمر سیٹ کاﺅنٹی سے معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پابندی کے دوران فٹنس اور فارم برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔ ذرائع کے مطابق اسپنر عبدالرحمان نے قوت بخش ممنوعہ ادویات استعمال نہیں کیں بلکہ کینابس نامی نشہ آور چیز استعمال کی جس کی وجہ سے ان پر 12 ہفتوں کی پابندی لگائی گئی ہے۔ سمر سیٹ کاﺅ نٹی کا کہنا ہے کہ وہ ای سی بی کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں جبکہ پی سی بی نے ای سی بی سے تفصیلات طلب کر لی ہے ۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ تفصیلات ملنے کے بعد ہی عبدالرحمان کے بارے میں کوئی فیصلہ کیا جا ئے گا لیکن فوری طور پر چیمپئنز لیگ کیلئے سیالکوٹ اسٹالینز سے ان کا نام واپس لے لیا گیا ہے اور کامران یونس کو ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جا رہا ہے۔