ٹی ٹونٹی میچز میں جیت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا آسٹریلیا کے خلاف پلڑا بھاری
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین یو اے میں ہونے والی کرکٹ سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی میچ 5 اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے دوبئی میں کھیلا جائے گا۔ ایک ٹی ٹونٹی، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتعمل سیریز کھیلنے کےلئے دونوں ٹیمیں یو اے ای پہنچ چکی ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دنیا کی مختلف کرکٹ گراﺅنڈز میں ہونے والے ٹی ٹونٹی میچز میں جیت کے حوالے سے پاکستا ن کرکٹ ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 2007 سے 2014 تک مجموعی طور پر 12 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گئے۔
جس میں سے 7 میں پاکستان نے فتح حاصل کی جبکہ چار میچز آسٹریلیا کی ٹیم جیتی اور ایک میچ ٹائی ہوا۔ یو اے ای میں بھی دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والے ٹی ٹونٹی میچز میں جیت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو برتری حاصل ہے۔ یو اے ای میں 2009 سے لیکر 2012 تک دونوں ٹیموں کے مابین چار میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان نے دو اور آسٹریلیا نے ایک میں فتح حاصل کی اور ایک میچ ٹائی ہوا۔ پاکستان کی ٹیم نے مجموعی طور پر دنیا کی دیگر کرکٹ ٹیموں کے خلاف 2006 سے 2014 تک 82 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے 49 میں فتح حاصل کی جبکہ 31 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دو میچز ٹائی ہوئے۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے 2005 سے لے کر 2014 تک دنیا کی دیگر کرکٹ ٹیموں کے خلاف 73 میچز کھیلے 37 میں فتح حاصل کی جبکہ 33 میں شکست کھائی، دو میچز ٹائی ہوئے اور ایک کا نتیجہ نہیں نکل سکا ۔