جرمنی افغانستان میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کیلئے 7 لاکھ یورو دے گا
کابل(اے پی پی)جرمنی نے افغانستان کے مشرقی صوبہ خوست میں نئے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کیلئے 7 لاکھ یورو کی مالی امداد کی منظوری دے دی۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہزاد مسعود نے جرمنی اور بھارت کی طرف سے ملک میں کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے مالی معاونت پر شکریہ ادا کیا، ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی میں ٹیم کی عمدہ کارکردگی کے بعد ملک میں کرکٹ تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور خوست میں سٹیڈیم کی تعمیر کے بعد خطے میں کرکٹ کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ یہاں پر بھارت سمیت دوسری غیر ملکی ٹیمیں کرکٹ کھیلنے آئیں، اگر ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر یہاں آ کر کھیلیں تو یہ ہمارے ملک کیلئے اعزاز کی بات ہو گی اور مجھے امید ہے کہ دھونی اس بات کو ممکن بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کرکٹ کا مستقبل روشن ہے اور یہ ہمارے 32 صوبوں میں کھیلا جاتا ہے اور میچز مقامی ٹی وی پر نشر کئے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال کے شروع میں بھارت کی حکومت نے افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں سٹیڈیم کی تعمیر کیلئے ایک ملین ڈالر مالی امداد کی منظوری دی تھی۔