بھارت نے پاکستان کو پنالٹی شوٹ آﺅٹ پر شکست دیدی

بھارت نے پاکستان کو پنالٹی شوٹ آﺅٹ پر شکست دیدی

                             انچیون ( سپورٹس ڈیسک) سترہویں ایشین گیمز مینز ہاکی ایونٹ میں بھارت نے دفاعی چیمپئن پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آﺅٹ پر 4-2 گول سے ہرا کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ فتح کے ساتھ ہی بھارت نے 2016ءمیں شیڈول ریو اولمپکس گیمز کیلئے بھی براہ راست کوالیفائی کر لیا۔ بھارت نے ایشین گیمز فائنل میں پاکستان کے خلاف 48 برس بعد کامیابی حاصل کی ہے، اس سے قبل 1966ءمیں کھیلے گئے ایشین گیمز ہاکی ایونٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو ہرایا تھا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر تھا لیکن پنالٹی شوٹ آﺅٹ پر بھارتی سورماﺅں نے پاکستانی شاہینوں کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے زیر کر کے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ گرین شرٹس کی فائنل میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست پر پاکستان میں شائقین کے چہروں پر مایوسی چھا گئی۔ انچیون، جنوبی کوریا میں جاری میگا گیمز میں جمعرات کو کھیلے گئے مینز ہاکی ایونٹ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے پاکستان کا ساتھ نہ دیا اور بھارتی سورماﺅں نے پاکستانی شاہینوں کو پنالٹی اسٹروکس پر 2 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ میچ کے 3 منٹ میں پاکستان کے محمد رضوان نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو بھارت کے خلاف 1-0 گول کی برتری دلائی جو پہلے کوارٹر تک برقرار رہی، دوسرا کوارٹر ختم ہونے سے تین منٹ قبل بھارت کے کوٹہاجت سنگھ نے گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا، تیسرے اور آخری کوارٹرز میں پاک بھارت ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اپنی اپنی ٹیموں کو برتری دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی، تیسرے کوارٹر میں پاکستان اور چوتھے کوارٹر میں بھارت نے پنالٹی کارنرز مس کر دیئے۔ مقررہ وقت تک مقابلہ 1-1 گول سے برابر ہونے کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنالی اسٹروکس دیئے گئے، بھارت نے پہلا پنالٹی پر گول کر کے پاکستان کے خلاف 1-0 گول کی برتری حاصل کی، پاکستان کے حسیم خان نے پہلا پنالٹی مس کر دیا اور بھارت کو 1-0 گول کی برتری حاصل ہو گئی، روپندر نے دوسرے پنالٹی پر گول کر کے گرین شرٹس کے خلاف 2-0 گول کی برتری حاصل کر لی، پاکستان کے وقاص نے دوسرے پنالٹی میں گول کر کے مقابلہ 2-1 گول کر دیا، بھارت نے تیسرا پنالٹی مس کر دیا اس کے بعد پاکستان بھی تیسرے پنالٹی پر گول نہ کر سکا، بھارت نے چوتھے پنالٹی پر گول کر کے پاکستان کے خلاف دو گول کی سبقت حاصل کر لی، اس کے بعد اگلے پنالٹی پر پاکستان کے شفقت رسول نے گول کر کے مقابلہ 3-2 گول کر دیا، پانچویں پنالٹی پر بھارت نے گول کر کے پاکستان کے خلاف 4-2 گول سے فتح اپنے نام کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...