قاری اور نعت خواں قاری غلام رسول کی یاد میں ریڈیو پاکستان لاہور کا خصوصی پروگرام ریکارڈ

قاری اور نعت خواں قاری غلام رسول کی یاد میں ریڈیو پاکستان لاہور کا خصوصی ...

لاہور(فلم رپورٹر) صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری اور نعت خواں قاری غلام رسول کی یاد میں ریڈیو پاکستان لاہورنے نورجہاں آڈیوٹوریم میں گزشتہ روز سہ پہر 4بجے ایک خصوصی پروگرام ریکارڈ کیا ہے جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور عطاءمحمد مانیکا اور ڈائریکٹر جنرل اوقاف سید حسن رضوی تھے۔ جبکہ شرکاءمیں سید منظورالکونین ،قاری نور محمد،قاری سید صداقت علی ،مرغوب احمد ہمدانی ،اختر قریشی،قاریہ روبینہ اور سرور حسین نقشبندی م شامل تھے اس پروگرام کی خاص بات قاری غلام رسول کے بچوں کی خصوصی شرکت تھی یہ پروگرام 2حصوں پر مشتمل تھا پہلے حصے میں مخفل قرآت جبکہ دوسرے حصے میں مخفل میلاد پیش کی گئی پروگرام کے میزبان صفدر علی محسن تھے۔ اس پروگرام کے سپروائزر اور ریڈیو پاکستان لاہور کی مذہبی نشریات کے پروگرام منیجر حافظ حفظ الرحمان کے مطابق قاری غلام رسول نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1960 ءکی دھائی کے آغاز میں کیا انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ریڈیو لاہور کی اس نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر ہونے والے پروگرام میں انھوں نے ہی تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کی تھی بعد میں انھوں نے اعظم چشتی کے ساتھ مل کر ریڈیو پاکستان سے مخفل میلاد کی بنیاد رکھی جو آج تک جاری ہے انھوں نے اس موقع پر مزیدگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قاری غلام رسو ل نے اپنے فنی سفر کے دوران قاری سید صداقت علی اوران جیسے لاتعداد شاگرد پیدا کیے جو آج بھی ان کا نام نہایت احترام سے لیتے ہیں اور ہم نے کوشش کی ہے کہ انکے شاگردوں کو ان کی یاد میں ہونے والے پروگرام میں شامل کریں دریں اثناءریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل ثمینہ پرویز نے اپنے پیغام میں قاری غلام رسول کی خدمات کو سراہا ان کا کہنا تھا کہ مرحوم بیک وقت قرآت اور نعت خوانی میں اپنا نمایاں مقام رکھتے تھے اور یہی وجہ ہے کہ حکومت پاکستان نے ان کی فنی خدمات سے معترف ہوکر انہیں صدارتی تغمہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا اور ریڈیو پاکستان آج بھی ان کی قرآت کو اپنے صوت القرآن چینل کے ذریعے تسلسل سے پیش کررہا ہے ۔،قاری غلام رسول کی یاد میں ہونے والے پروگرام کو پروڈیوسر کریم احمد نے تیار کیا تھا۔

مزید : کلچر


loading...