سیلابوں کی تباہی سے بچنے کا سود مند ترین نسخہ ڈیموں کی تعمیر ہے:پیاف

سیلابوں کی تباہی سے بچنے کا سود مند ترین نسخہ ڈیموں کی تعمیر ہے:پیاف

لاہور(کامرس رپورٹر)سیلابوں کی تباہی سے بچنے کا سود مند ترین نسخہ ڈیموں کی تعمیر ہے۔ حکومت مذموم اندیشوں پر ملکی ترقی کو ترجیح دے اور کالاباغ ڈیم پر کام شروع کرائے۔ ان خیالات کا اظہار پیاف کے سینئر وائس چیئرمین خامس سعید بٹ نے آج یہاں تاجروں کے ایک اجتماع سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہر دوسرے تیسرے سال بھارت کی سازشوں سے منہ زور پانی ہرے بھرے کھیتوں کو بہا لے جاتا ہے، ہزاروں مال مویشی اور بستیاں سیلاب کی نذر ہوجاتی ہیں، اگر ڈیم تیار ہوں یا ہورہے ہوں تو کم از کم آنے والی نسلیں بربادی سے بچ جائیں گی۔ پیاف کے سینئر وائس چیئرمین نے کہا ہے کہ حکومت بے گھر افراد کی بحالی پر خطیر سرمایہ خرچ کردیتی ہے لیکن جونہی سیلابی پانی کا زور کم ہوتا ہے حکومتیں مستقبل بچانے کی منصوبہ بندی کرنے کے بجائے اس طرح دیگر کاموں میں مصروف ہوجاتی ہیں کہ جیسے اس ملک میں آئندہ کبھی سیلاب آنے کا اندیشہ نہیں رہا۔

خامس سعید بٹ نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں مصروف ہے ، حکومت اور عوام بے گھر ہونے والے خاندانوں کو خوراک و رہائش مہیا کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ سیلاب نے قومی وجود پر لگنے والے زخموں کو کئی گنا بڑھادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ سیلاب ، دہشت گردی جیسے چیلنجوں سے بچنے کے لیے ملک کے تمام طبقات میں یکجہتی اور یکسوئی پیدا کی جائے لیکن پیاف کے سینئر وائس چیئرمین نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض سیاستدان درپیش بڑے مسائل سے صرف نظر کرکے دھرنے اور کنٹینروں کی سیاست اور عوام کو پریشان کرنے میں مصروف ہیں۔ خامس سعید بٹ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور علاقہ کی پوری کاروباری برادری پر زور دیا ہے کہ پہلے مرحلے میں اپنے اندر اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنایا جائے تاکہ سیاستدانوں سمیت دیگر تمام طبقات کو بھرپور طریقے سے توجہ دلائی جاسکے کہ تمام اپنی ذات کے انحصار سے نکل کر عوام اور ملک کی فکر کریں۔ سیلاب کی تباہ کاریوں اوردہشت گردی کے نقصانات سے بچنے کے لیے یکساں موقف اپنانے اور مہلک بیماریوں سے بچاؤ کی فکر کریں۔

مزید : کامرس


loading...