شمس القیوم بینک آف خیبرکے ایم ڈی مقرر

شمس القیوم بینک آف خیبرکے ایم ڈی مقرر

کراچی (اکنامک رپورٹر)حکومت خیبر پختونخوا نے پا کستان کے سینئر اور ممتاز بینکار شمس القیوم کو بنک آف خیبر کا نیا مینجنگ ڈائریکٹر مقرر کرنے کا نوٹی فیکیشن جار ی کر دیا ہے جس کے بعدشمس القیوم نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔بنک آف خیبر میں اپنی ذمے داریاں سنبھالنے سے قبل شمس القیوم حبیب بنک لمیٹڈخیبر پختون خوا میں سینئر ریجنل چیف کے طور خدمات انجام دے رہے تھے۔شمس القیوم بنکنگ کے شعبہ سے گذشتہ چالیس برس سے وابستہ ہیں۔انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے اکنامکس میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی اور1974 میں حبیب بنک سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔وہ بنک کی جانب سے خیبر پختون خوا میں مختلف شاخوں میں 1997 تک چیف مینجر کے عہدے پر فائز رہے۔

1998 سے2005 تک انہوں نے متحدہ عرب امارات میں خدمات انجام دیں۔شمس القیوم نے2005 سے2010 تک افغانستان میں حبیب بنک کنٹری مینجر کے فرائض انجام دئیے۔بنک آف خیبر کے مینیجنگ ڈائریکٹر کی ذمے داریاں سنبھالنے سے قبل وہ حبیب بنک کے جنرل مینجر اور سینئر ریجنل چیف کی حیثیت سے صوبے میں بنک کی198 برانچز کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔دوران ملازمت انہوں نے کئی قومی اور بین الاقوامی سیمینارز اور ورکشاپس میں شرکت کی کہ انہیں ان کی غیر معمولی کارکردگی کی بناء پر بطور ستائش مختلف ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا گیا۔صوبائی حکومت نے شمس القیوم کی بینکاری کے شعبے میں قابل ذکر خدمات پر انہیں بنک آف خیبر کا نیا مینجنگ ڈائریکٹر تعینات کیا ہے ۔

مزید : کامرس