چیمبرکوئی فیصلہ کرنے سے قبل تاجربرادری کو اعتمادمیں لے گا

چیمبرکوئی فیصلہ کرنے سے قبل تاجربرادری کو اعتمادمیں لے گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید اسد مشہدی نے کہا ہے کہ کینٹ کے علاقہ کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے چیمبر انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ کے ساتھ مل کر جامع منصوبہ بندی کر رہا ہے تا کہ شہریوں کو شہر کے سب سے بڑے کاروباری مرکز میں شاپنگ کے ساتھ صاف و شفاف ماحول بھی فراہم کیا جا سکے ، کینٹ کے علاقہ کی خوبصورتی کو بحال اور برقرار رکھنے کے لئے کاروباری برادری ہر ممکن اقدام اٹھائے گی، بورڈ ٹیکس ، سیلز ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کے معاملات میں درپیش مسائل کو متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر حل کیا جائے گا، تاجر تنظیمیں چیمبر کا اثاثہ ہیں اور چیمبر کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے تمام تاجر برادری کو اعتماد میں لے گا۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے انجمنِ تاجران راولپنڈی کینٹ کے وفد سے ایک ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت صدر شیخ حفیظ کر رہے تھے جبکہ ظفر قادری اور دیگر عہدیدار بھی ہمراہ تھے ۔ اس موقع گروپ لیڈر شیخ شبیر، سابق صدور سہیل الطاف، نجم ریحان ، منظر خورشید شیخ ، سینئر نائب صدر میاں ہمایوں پرویز اور چیمبر کے ارکان بھی موجود تھے۔
سید اسد مشہدی نے کہا کہ چیمبر نے ہمیشہ مقامی تاجر تنظیموں کی آواز میں آواز ملائی ہے اور ان کے کسی بھی مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھا ہے اور مستقبل میں بھی تاجر و صنعتکار برادری کے مسائل حل کرنے میں کوئی دقیقہ فرواگزشت نہیں رکھا جائے گا، چیمبر تمام کاروباری برادری کیلئے ایک پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے جہاں سے اُن کے مسائل کو حکومتی سطح پر نہ صرف پہنچایا جاتا ہے بلکہ حل بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کا اتحاد ہی ہماری کامیابی ہے اور کاروباری برادری کی بہتری کے مِشن کو جاری رکھا جائے گا۔ صدر آر سی سی آئی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ تاجر تنظیمیں تمام تاجر برادری کی نمائندہ ہوتی ہیں اور اِن کی اہمیت کو جھٹلایا نہیں جا سکتا انہوں نے کہا کہ چیمبر کو ہر وقت تمام تنظیموں کے مشوروں کی ضرورت رہتی ہے تا کہ کاروباری برادری کے مسائل کو زیادہ بہتر طریقے سے حل کیا جا سکے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انجمن تاجراں راولپنڈی کینٹ کے صدر شیخ حفیظ نے سید اسد مشہدی اور دیگر عہدیداروں کواپنے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نئی ٹیم کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے چیمبر کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ، چیمبر حکومت اور تاجروں کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کرتا ہے جس سے تاجروں کو اپنی آواز بلند کرنے میں مدد ملتی ہے انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حوالے سے راولپنڈی چیمبر نے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے اور کاروباری برادری کو یقین ہے کہ مستقبل میں بھی ان کے مسائل اسی جذبے کے ساتھ حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے صدر چیمبر کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

مزید :

کامرس -